UN Security Council passes resolution against Iran, calls for immediate halt to attacks on Gulf countries
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) الجزیرہ کی خبر کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے خلیجی ممالک اور اردن پر ایران کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایک اہم قرارداد منظور کر لی ہے جس میں تہران سے فوری طور پر جارحانہ کارروائیاں روکنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس قرارداد کو عالمی سطح پر غیر معمولی حمایت حاصل ہوئی۔
سلامتی کونسل کے 15 میں سے 13 ارکان نے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا جبکہ روس اور چین نے رائے شماری میں حصہ لینے کے بجائے ووٹنگ سے اجتناب کیا تاہم دونوں ممالک نے ویٹو پاور استعمال نہیں کی، جس کے بعد قرارداد باضابطہ طور پر منظور کر لی گئی۔
یہ قرارداد خلیج تعاون کونسل کے ممالک کی جانب سے پیش کی گئی تھی اور اسے اقوام متحدہ کے مزید 135 رکن ممالک کی بھی حمایت حاصل رہی، جسے سلامتی کونسل کی تاریخ میں سب سے زیادہ عالمی حمایت حاصل کرنے والی قراردادوں میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔
قرارداد میں ایران کی جانب سے خلیجی خطے میں میزائل اور ڈرون حملوں کی مذمت کی گئی ہے اور تہران سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر دشمنی کی کارروائیاں بند کرے۔ اس کے ساتھ ساتھ خلیجی خطے میں بندرگاہوں، توانائی کے مراکز اور دیگر بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کی بھی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان نے بھی اقوام متحدہ میں اس قرارداد کی حمایت کرنے والے ممالک میں شامل ہو کر خطے میں کشیدگی کم کرنے اور بین الاقوامی قوانین کے احترام کی ضرورت پر زور دیا۔ پاکستانی نمائندوں کا مؤقف تھا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے فوری جنگ بندی اور سفارتی حل ناگزیر ہے۔





