
وزارتِ داخلہ نے اسلام آباد، راولپنڈی میں موبائل انٹرنیٹ سروسز معطل کر دیں
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) وزارتِ داخلہ نے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو ہدایت جاری کی ہے کہ اسلام آباد اور سروسز کو معطل کر دیا جائے۔ یہ اقدام جمعے کو سامنے آیا۔
نو اکتوبر کی تاریخ والے ایک حکم نامے میں جو پی ٹی اے کے چیئرمین کے نام جاری کیا گیا ہے اس میں کہا گیا ہے کہ وزارتِ داخلہ نے “اسلام آباد اور راولپنڈی کے جڑواں شہروں میں سروسز کی معطلی کی منظوری دے دی ہے جو گزشتہ رات 12 بجے سے نافذ العمل ہوگی اور اگلے احکامات تک برقرار رہے گی۔
حکومتی نوٹفکیشن کے مطابق پی ٹی اے کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اسلام آباد کے کمشنر اور پولیس چیف، اور راولپنڈی کے ریجنل پولیس آفیسر کے ساتھ رابطے میں رہتے ہوئے اس سلسلے میں ضروری اقدامات کرے۔”
وزارتِ داخلہ نے سروسز معطل کرنے کی کوئی وجہ بیان نہیں کی تاہم یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب تحریکِ لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) نے آج امریکی سفارتخانے کی جانب مارچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
جمعرات کو وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا تھا کہ حکومت ہمیشہ پُرامن مظاہروں اور ریلیوں کی اجازت دیتی ہے، لیکن ٹی ایل پی نے دارالحکومت میں احتجاج کے لیے اجازت نہیں لی۔
جمعرات کی رات پنجاب میں تشدد کے واقعات بھی پیش آئے جب پولیس نے تحریکِ لبیک پاکستان کے سربراہ سعد رضوی کو گرفتار کرنے کے لیے تنظیم کے ہیڈکوارٹر پر کریک ڈاؤن شروع کیا۔ ان جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی ہوئے، جن میں ایک درجن کے قریب پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔