
اورکزئی حملے میں ملوث 30 دہشت گرد ہلاک: آئی ایس پی آر
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈان نیوز کے مطابق آئی ایس پی آر نے جمعہ کے روز بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے مصدقہ خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے اورکزئی حملے میں 2 افسران سمیت 11 جوانوں کی شہادت میں ملوث تمام 30 بھارتی اسپانسرڈ خوارج ہلاک کردیے۔
یہ واقعہ منگل کی رات پیش آیا جب سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع اورکزئی میں ایک خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کی۔ اطلاع تھی کہ وہاں “بھارتی ایجنسیوں کے زیرِاثر فتنہ الخوارج” کے دہشت گرد موجود ہیں۔
جولائی میں حکومت نے کالعدم تنظیم تحریکِ طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کو فتنہ الخوارج قرار دیا تھا، اور تمام سرکاری اداروں کو ہدایت دی تھی کہ پاکستان پر دہشت گرد حملے کرنے والے عناصر کے لیے “خارجی” (یعنی دین سے خارج) کا لفظ استعمال کیا جائے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق منگل کی کارروائی میں 19 “بھارت کے حمایت یافتہ” دہشت گرد مارے گئے تھے جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں 11 سیکیورٹی اہلکار جن میں دو افسران بھی شامل تھے جامِ شہادت نوش کر گئے۔
آئی ایس پی آر کے آج جاری بیان میں کہا گیا سیکیورٹی فورسز نے اورکزئی ضلع میں 7 اکتوبر کو ہونے والے اس سفاک حملے میں ملوث خوارج کے خلاف ایک سلسلہ وار انتقامی کارروائیاں کی ہیں، جس میں وطن کے بہادر سپوت لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق اور میجر طیب راحت سمیت دیگر نے جامِ شہادت نوش کیا تھا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ “اورکزئی کے علاقے جمال مایہ میں مستند انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی کارروائی میں تمام 30 بھارت کے حمایت یافتہ خوارج ایک شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد انجام کو پہنچا دیے گئے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ “یہ کامیاب کارروائیاں اس گھناؤنے فعل کا بدلہ ہیں اور مرکزی مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں پہنچا دیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق علاقے میں صفائی کی کارروائیاں جاری ہیں تاکہ کسی بھی دیگر بھارتی حمایت یافتہ خارجی کو تلاش کر کے ختم کیا جا سکے، کیونکہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز پرعزم ہیں کہ وہ ملک سے بھارت کی حمایت یافتہ دہشت گردی کے اس عفریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں۔
پاکستان میں حالیہ عرصے میں دہشت گرد حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، خاص طور پر خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں، جہاں زیادہ تر حملے پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بناتے ہیں۔
یہ حملے اُس وقت بڑھ گئے جب 2022 میں کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان نے حکومت کے ساتھ ہونے والا جنگ بندی معاہدہ ختم کر دیا۔