لندن میں 40 ہزار فونز کی اسمگلنگ کرنے والا بین الاقوامی گروہ گرفتار،دو افغان نژاد نکلے

لندن میں 40 ہزار فونز کی اسمگلنگ کرنے والا بین الاقوامی گروہ گرفتار،دو افغان نژاد نکلے
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ کی میٹروپولیٹن پولیس نے ایک بین الاقوامی گروہ کو پکڑا ہے جو گزشتہ سال کے دوران تقریباً 40,000 چوری شدہ موبائل فونز برطانیہ سے چین بھیجنے کا مشتبہ تھا اور یہ کارروائی ملک میں فون چوری کے خلاف اب تک کی سب سے بڑی مہم قرار دی گئی ہے۔
بی بی سی نیوز کے مطابق پولیس نے 18 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا اور 2,000 سے زائد چوری شدہ ڈیوائسز برآمد کیں۔ پولیس کا خیال ہے کہ یہ گروہ لندن میں چوری ہونے والے تمام فونز کے آدھے حصے کے لیے ذمہ دار ہو سکتا ہے، جہاں زیادہ تر موبائل فونز چوری ہوتے ہیں۔
تحقیق کی ابتدا ایک متاثرہ شخص کی جانب سے اپنے چوری شدہ آئی فون کی ٹریکنگ سے ہوئی۔ ڈیٹیکٹو انسپکٹر مارک گیون کے مطابق کرسمس ایو پر متاثرہ شخص نے اپنا فون ہیٹھرو ائرپورٹ کے قریب ایک گودام میں پایا۔ وہاں کی سیکیورٹی نے تعاون کیا اور معلوم ہوا کہ فون ایک باکس میں تھا جس میں مزید 894 فون بھی موجود تھے۔ تقریباً تمام فونز چوری شدہ تھے اور ہانگ کانگ بھیجے جانے والے تھے۔
پولیس نے مزید تحقیقات کے دوران دو افراد کو گاڑی میں متعدد الفویل میں لپٹے فونز کے ساتھ گرفتار کیا گیا۔ دونوں مرد افغان نژاد چوری شدہ مال وصول کرنے اور جرائم کی جائیداد چھپانے کے الزامات کا سامنا کر رہے ہیں۔ایک تیسرا مشتبہ بھارتی نژاد بھی گرفتار ہوا۔
میٹ پولیس کے کمانڈر اینڈریو فیڈراسٹون نے کہا یہ برطانیہ میں موبائل فون چوری اور ڈاکے کے خلاف سب سے بڑی کارروائی ہے۔ ہم نے اسٹریٹ لیول چوروں سے لے کر بین الاقوامی منظم گروہوں تک ہر سطح پر جرائم پیشہ نیٹ ورکس کو گرفتار کیا ۔
اعداد و شمار کے مطابق لندن میں فون چوری کی تعداد 2020 میں 28,609 سے بڑھ کر 2024 میں 80,588 تک پہنچ گئی۔ انگلینڈ اور ویلز میں “شخص سے چوری” مارچ 2025 تک 15 فیصد بڑھ گئی ہے، جو 2003 کے بعد سب سے بلند سطح ہے۔
میٹروپولیٹن پولیس نے بتایا ہے کہ ذاتی ڈاکے میں 13 فیصد اور چوری میں 14 فیصد کمی آئی ہے، اور ویسٹ اینڈ میں 80 مزید اہلکار تعینات کیے جا رہے ہیں تاکہ فون چوری پر توجہ دی جا سکے۔ لندن کے میئر سر صادق خان نے کہا کہ موبائل فون انڈسٹری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ چوری شدہ ڈیوائسز کو ناقابل استعمال بنانے میں تیزی دکھائے تاکہ لندن محفوظ بنایا جا سکے۔
بی بی سی نیوز کے مطابق اس بین الاقوامی گروہ کا خاتمہ لندن میں چوری شدہ فونز کی اسمگلنگ کے خلاف ایک اہم کامیابی ہے، اور پولیس نے مزید چھاپے مار کر کئی دیگر مشتبہ افراد کو گرفتار کیا۔