بھارتی لیڈنگ بلے باز سنیل گواسکر اور انگلینڈ کے طویل عرصے تک کپتان رہنے والے سر الیسٹر کک سمیت دنیا بھر کے 21 سابق کرکٹ کپتانوں نے پاکستان کے موجودہ وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھا ہے۔
اس خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو قید کے دوران مناسب اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
خط میں اس بات پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے کہ 73 سالہ عمران خان کو گزشتہ ہفتے صرف چند گھنٹوں کے لیے اسپتال لے جایا گیا جہاں سرکاری سطح پر مقرر کردہ ٹیم نے ان کا معائنہ کیا۔
خط کے آغاز میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ فریقین کے درمیان قانونی یا سیاسی اختلافات اپنی جگہ، لیکن عدالتی حکم کے تحت مناسب طبی عمل کو یقینی بنانا ایک بنیادی اخلاقی تقاضا ہے۔
سابق کپتانوں نے اپنے خط میں درج ذیل تین بنیادی مطالبات پیش کیے ہیں
سپریم کورٹ کی جانب سے تشکیل کردہ اور ذاتی معالجین پر مشتمل میڈیکل بورڈ کے ذریعے عمران خان کا طبی معائنہ کرایا جائے، خاص طور پر ان کی دائیں آنکھ کی بینائی میں کمی سے متعلق رپورٹس کا جائزہ لیا جائے۔
عدالت کے حکم کے مطابق ان کے اہل خانہ کو ہفتہ وار ملاقاتوں کی بلا تعطل اجازت دی جائے۔
میڈیکل بورڈ کی سفارش کردہ کسی بھی طبی کارروائی اور علاج کو بغیر کسی تاخیر کے یقینی بنایا جائے۔
آسٹریلیا کے سابق کپتان گریگ چیپل کی پہل پر لکھے گئے اس خط پر دستخط کرنے والے دیگر نامور کھلاڑیوں میں انگلینڈ کے مائیکل ایتھرتٹن، ناصر حسین، اینڈریو اسٹراس، اور آسٹریلیا کے ایڈم گلکرسٹ، اسٹیو وا سمیت بھارت اور دیگر ممالک کے سابق لیجنڈز شامل ہیں۔
یاد رہے کہ فروری میں بھی 14 سابق کپتانوں نے اس سلسلے میں ایک اپیل کی تھی، جبکہ دونوں خطوط کے دستخط کنندگان کا کہنا ہے کہ میدانِ کرکٹ سے جڑا رشتہ سرحدوں اور سیاسی تقسیم سے بالاتر ہے۔
