Suspicious activity at Fairford Airbase US withdraws all B-1 bombers from the UK.

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) دی نیوزکی رپورٹ کے مطابق امریکا نے ایران کے خلاف حملوں کیلئے استعمال ہونے والے برطانیہ کے رائل ایئر فورس فیئر فورڈ اڈے پر تعینات تمام بی-1 بمبار طیارے واپس امریکا منتقل کردیے ہیں۔

پینٹاگون کے مطابق طیارے اپنے ہوم اسٹیشنز پر واپس پہنچ چکے ہیں، تاہم آپریشنل سکیورٹی کے باعث امریکی حکام نے ان کی نقل و حرکت کی حقیقی وقت میں تصدیق نہیں کی تھی۔

پینٹاگون کے ایک عہدیدار نے کہا کہ آپریشنل سکیورٹی نے ہمیں اپنے اثاثوں اور فورسز کی نقل و حرکت کی حقیقی وقت میں تصدیق سے روک دیا۔

یہ پیش رفت فیئر فورڈ ایئربیس کے قریب ایک سکیورٹی واقعے کے بعد ہوئی، جس کے نتیجے میں اطراف کے 85 گھروں کو خالی کرایا گیا تھا۔

واقعہ اس وقت شروع ہوا جب قریبی گاؤں ویلفورڈ میں رہنے والے ایک کسان نے پولیس کو بتایا کہ تین وینز سڑک کو روکے ہوئے ہیں جبکہ نقاب پوش افراد وہاں سے فرار ہوتے دکھائی دیے۔

فضائی فوٹیج میں وینز کے اندر ڈرم نما اشیا دکھائی دیں۔ کم از کم ایک گاڑی پر جعلی لوگو اور فون نمبر بھی لگا ہوا تھا تاکہ اسے ایک حقیقی ڈیزل سپلائی کمپنی کی گاڑی ظاہر کیا جاسکے۔

برطانوی نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم پولیسنگ کے سربراہ لارنس ٹیلر کے مطابق پولیس کو وینز سے کوئی دھماکا خیز مواد نہیں ملا، تاہم کچھ مقدار میں پٹرول برآمد ہوا۔

واقعے کے سلسلے میں لندن سے تعلق رکھنے والے 20 کی دہائی کے پانچ برطانوی شہری گرفتار کیے گئے، جنہیں بعد ازاں ضمانت پر رہا کردیا گیا۔

.امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان کی رہائی پر تنقید کرتے ہوئے کہا، میں ایسا نہ کرتا

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے واقعے میں ایک غیر ملکی فریق کے ملوث ہونے کا دعویٰ کیا، تاہم اس کی شناخت ظاہر نہیں کی۔

لندن میں ایرانی سفارتخانے نے تہران کے ملوث ہونے کی قیاس آرائیوں کو سختی سے مسترد کردیا۔

برطانیہ نے مارچ میں امریکا کو فیئر فورڈ سے ایران کے خلاف مخصوص دفاعی کارروائیوں کی اجازت دی تھی۔ اس کے بعد امریکی بی-1 بمبار اور دیگر طیارے یہاں سے پروازیں کرتے رہے۔ فیئر فورڈ برطانیہ کی سرزمین پر اس مقصد کیلئے استعمال ہونے والا واحد امریکی اڈہ ہے۔