Some institutions have become obstacles to performance; Mohsin Naqvi has signaled a change in the system.

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈان نیوز کی خبر  کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ملک کے نظام کو ری سیٹ کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ بعض محکمے اور ادارے حکومتی کارکردگی کی راہ میں رکاوٹ بن گئے ہیں۔

لاہور میں کاروباری برادری سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ وفاقی اداروں کے حوالے سے حکومت کو وقتاً فوقتاً شکایات موصول ہوتی رہتی ہیں۔

ان کے مطابق بعض محکمے اور ادارے کارکردگی میں رکاوٹ بن رہے ہیں اور حکومت جہاں ممکن ہوتا ہے، وہاں معاملات کو درست کرنے کی کوشش کرتی ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ اس معاملے پر مزید تفصیل میں نہیں جانا چاہتے کیونکہ کئی اقدامات کیے جاچکے ہیں، تاہم موجودہ صورتحال میں ملک کے نظام کو ری سیٹ کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس عمل میں کاروباری برادری کی حمایت ضروری ہے اور نظام میں بہتری آنے کے بعد حالات بھی بہتر ہوں گے۔

محسن نقوی نے اس موقع پر ایران کی اقتصادی ترقی کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دوروں کے دوران ان کے ساتھ ایران جانے والے افراد وہاں ترقی کا پیمانہ دیکھ کر حیران ہوئے۔

وزیر داخلہ کے مطابق بعض لوگ ایران کو ایسا ملک سمجھتے تھے جہاں جنگ اور تباہی کے سوا کچھ نہیں، لیکن وہاں پہنچنے کے بعد انہیں مختلف صورتحال نظر آئی۔

انہوں نے خاص طور پر ایران کی مقامی صنعت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی آٹو انڈسٹری مختلف مصنوعات مقامی طور پر تیار کررہی ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کیلئے برآمدات پر مبنی ترقی ضروری ہے، تاہم اس کے ساتھ درآمدات کم کرنے کیلئے مقامی پیداوار بڑھانا بھی ناگزیر ہے۔

انہوں نے کاروباری برادری سے برآمدات بڑھانے اور درآمدات کم کرنے سے متعلق تجاویز دینے کی درخواست کی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ایران کئی دہائیوں سے پابندیوں کا سامنا کرنے کے باوجود اپنی صنعت اور مقامی پیداوار کو آگے لے جانے میں کامیاب رہا ہے، اس لیے پاکستان بھی اپنی صلاحیتوں سے کہیں زیادہ معاشی ترقی حاصل کرسکتا ہے۔

محسن نقوی نے حالیہ عرصے میں ایران کے متعدد دورے بھی کیے ہیں، جن کا مقصد ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران سفارتی حل کی کوششوں میں کردار ادا کرنا تھا۔