اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ایکسپریس ٹریبون نے اپنی خبر میں رپورٹ کیا ہےکہ پنجاب میں اسموگ کا سلسلہ برقرار رہنے کے باعث لاہور سمیت مختلف شہروں میں فضائی آلودگی کی سطح بلند ریکارڈ کی گئی، تاہم بدھ کو مختلف مانیٹرنگ پلیٹ فارمز پر لاہور کے ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) کی ریڈنگز میں نمایاں فرق سامنے آیا۔
مختلف ذرائع کے مطابق شہر کا انڈیکس 166 سے 366 کے درمیان رہا، جبکہ بعض مقامی مقامات پر آلودگی کی سطح اس سے بھی کہیں زیادہ ریکارڈ کی گئی۔
عالمی ادارے آئی کیو ایئر کی تازہ ترین بڑی شہروں کی درجہ بندی میں لاہور کا اے کیو آئی 166 ریکارڈ کیا گیا، جس کے مطابق شہر دنیا کے آلودہ ترین بڑے شہروں میں پانچویں نمبر پر رہا۔
اس فہرست میں کولکتہ 193 کے ساتھ پہلے، ڈھاکا 188 کے ساتھ دوسرے، تاشقند 182 کے ساتھ تیسرے اور ممبئی 172 کے ساتھ چوتھے نمبر پر تھا۔ کراچی 135 کی ریڈنگ کے ساتھ دسویں نمبر پر موجود رہا۔
تاہم آئی کیو ایئر کی صبح 10 سے 11 بجے کے درمیان جاری ہونے والی ایک سابقہ ریڈنگ میں لاہور کا اے کیو آئی 339 ریکارڈ کیا گیا تھا، جس کے مطابق شہر دنیا میں پہلے نمبر پر تھا، جبکہ کراچی 174 کے ساتھ چھٹے نمبر پر رہا۔
مقامی سطح پر بھی فضائی آلودگی کی صورتحال تشویشناک دکھائی دی۔ صبح کے وقت لاہور کا مجموعی اے کیو آئی 296 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ گلبرگ میں یہ سطح 623، علامہ اقبال ٹاؤن میں 386 اور برکی روڈ پر 296 رہی۔
پنجاب انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کے ڈیش بورڈ کے مطابق ننکانہ صاحب میں اے کیو آئی 363 ریکارڈ کیا گیا۔ وزیرآباد میں یہ شرح 176، پاکپتن میں 169، قصور میں 168 اور سرگودھا میں 165 رہی۔
لاہور کے مختلف مقامات پر ای پی اے کی ریڈنگز میں ملتان روڈ پر 167، شاہدرہ میں 162، سفاری پارک اور برکی روڈ پر 158، جبکہ کاہنہ نو میں 157 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب ایک الگ ریئل ٹائم شہری درجہ بندی میں فیصل آباد کا اے کیو آئی 686 کے ساتھ پنجاب میں سب سے زیادہ رہا، جبکہ گوجرانوالہ 550، کاہنہ نو 516 اور ملتان 437 کی سطح پر ریکارڈ کیے گئے۔
مختلف ذرائع سے حاصل ہونے والی ریڈنگز میں فرق کے باوجود اعدادوشمار پنجاب میں اسموگ اور فضائی آلودگی کی سنگین صورتحال کی نشاندہی کرتے ہیں۔
