rump's major election lure Announcement to give $5,000 to every American adult if Republicans win.

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ایکسپریس ٹریبیون کی خبر کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نومبر کے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کے کانگریس پر کنٹرول برقرار رکھنے کی صورت میں ہر امریکی بالغ شہری کو 5 ہزار ڈالر دینے کی تجویز پیش کردی۔

ٹرمپ نے بدھ کو اپنی جماعت کے پہلے مڈٹرم کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے اس رقم کو ٹرمپ ڈیوائیڈنٹ قرار دیا، تاہم فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ادائیگی کس طریقے سے ہوگی یا آیا ایسا منصوبہ قانونی طور پر ممکن بھی ہے۔

امریکا میں تقریباً 270 ملین بالغ افراد ہیں، اس حساب سے اس منصوبے کی مجموعی لاگت تقریباً 1.35 ٹریلین ڈالر بن سکتی ہے۔

تقریباً ایک گھنٹہ 45 منٹ پر محیط خطاب میں ٹرمپ نے اپنی حکومت کے پہلے دو سال کو صدارتی تاریخ کے عظیم ترین دو سال قرار دیا اور واضح کیا کہ وہ نومبر کے انتخابات میں خود کو ریپبلکن امیدواروں کی مہم کا مرکزی کردار بنانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے ووٹرز سے کہا کہ اگر ریپبلکنز کو ووٹ نہ دیا گیا تو ملک ریڈیکل لیفٹ ڈیموکریٹس کے حوالے ہوجائے گا۔ ٹرمپ نے امریکیوں سے کہا کہ ریپبلکنز کو ووٹ دیں تاکہ امریکا آنے والی نسلوں تک دنیا کو پیچھے چھوڑ دے۔

ٹرمپ نے کہا کہ وہ انتخابات سے قبل 8 ہفتوں کے دوران میدانِ جنگ قرار دی جانے والی ریاستوں اور انتخابی حلقوں کے متعدد دورے کریں گے۔ انہوں نے حاضرین سے یہاں تک کہا کہ وہ تصور کریں کہ میں بیلٹ پر موجود ہوں۔

تاہم ریپبلکن پارٹی کے کئی امیدوار ایسے بھی ہیں جو ٹرمپ سے فاصلہ رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مشی گن کے نمائندے ٹام بیریٹ، الاسکا کے سینیٹر ڈین سلیوان اور مین کی سینیٹر سوزن کولنز ان افراد میں شامل تھے جو کنونشن میں شریک نہیں ہوئے۔

اس کے باوجود کم از کم 16 ایسے امیدوار جنہیں ایوان نمائندگان یا سینیٹ کی سخت انتخابی دوڑ کا سامنا ہے، کنونشن سے خطاب کرنے والے ہیں۔

کنونشن میں ڈیموکریٹس کو سوشلسٹ اور کمیونسٹ قرار دے کر تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ سینیٹر ٹم اسکاٹ نے ڈیموکریٹس کو ’’خطرناک، ریڈیکل اور عجیب‘‘ قرار دیا۔

اس دوران ایران جنگ اور مہنگائی جیسے عوامی مسائل کو نسبتاً کم توجہ ملی۔ الاباما کے ریاستی نمائندے ارنی یاربرو نے کہا کہ ووٹرز جاننا چاہتے ہیں کہ ایران جنگ کتنی دیر جاری رہے گی اور حکومت کے اصل مقاصد کیا ہیں۔

ٹرمپ نے ایران پر حملے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ کارروائی کا مقصد اسے جوہری ہتھیار بنانے سے روکنا تھا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جنگ جیتتے ہی تیل کی قیمتیں کم ہوجائیں گی، تاہم جنگ کو چھ ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود اس کے فوری خاتمے کے آثار واضح نہیں ہیں۔

ٹرمپ نے ایک بار پھر کہا کہ جنگ مڈٹرم انتخابات کے فوراً بعد ختم ہوجائے گی اور الزام لگایا کہ ایران انتخابات پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہا ہے۔