اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ایکپریس ٹریبیون نے اپنی خبر میں رپورٹ کیا ہے کہ ایران نے کویت میں ایک اہم تنصیب پر ڈرون حملے میں ملوث ہونے کے الزامات مسترد کرتے ہوئے واقعے کی مشترکہ تحقیقات کی پیشکش کردی ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے جمعرات کو اپنے کویتی ہم منصب شیخ جراح جابر الاحمد الصباح سے ٹیلی فون پر گفتگو میں کہا کہ تہران کا حملے سے کوئی تعلق نہیں اور وہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے کویت کے ساتھ تحقیقات پر تیار ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق عراقچی نے حملے میں جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔
اس سے قبل ایرانی فوجی ترجمان ابوالفضل شکارچی نے کویت کے الزامات مسترد کرتے ہوئے امریکا اور اسرائیل پر خطے میں فالس فلیگ کارروائیوں کا الزام لگایا تھا۔
کویت کی فوج نے بتایا تھا کہ متعدد دشمن ڈرونز نے اس کی فضائی حدود میں داخل ہوکر ایک اہم تنصیب کو نشانہ بنایا، جس سے جانی اور مالی نقصان ہوا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دو اطالوی شہری، ایک کویتی اور ایک پاکستانی زخمی ہوئے تھے۔
بعدازاں کویتی وزارت دفاع نے تصدیق کی کہ دونوں اطالوی شہری زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
اطالوی خبر رساں ادارے کے مطابق دونوں جرمن دفاعی کمپنی رائن میٹل کے ٹیکنیشن تھے۔ اطالوی وزیراعظم جارجیا میلونی نے ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔
دوسری جانب عراقچی نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے لیے پاکستان اور قطر کی ثالثی جاری ہے اور دونوں ممالک کے ثالث تجاویز اور پیغامات کا تبادلہ کررہے ہیں۔
تاہم تہران پابندیوں کے مقابلے میں اپنی معاشی خودمختاری اور ضروریات پوری کرنے کو بھی ترجیح دے رہا ہے۔
ایران آبنائے ہرمز کھولنے، تجارتی جہازوں اور تیل بردار جہازوں کی محفوظ آمدورفت، یکطرفہ پابندیاں ختم کرنے، تیل کی برآمدات میں چھوٹ، منجمد اثاثے واپس کرنے، جوہری مواد ایران میں رکھنے اور جنگ ختم کرنے کے مطالبات پر قائم ہے۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایرانی عوام امریکی اور اسرائیلی دباؤ کے سامنے نہیں جھکیں گے۔ ان کے مطابق قومی اتحاد بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے موجودہ ’نہ جنگ، نہ امن‘ کی صورت حال ختم کرنے پر بھی زور دیا۔
ادھر امریکی نمائندے جیرڈ کشنر نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے معاملے پر تمام آپشنز کھلے رکھے ہوئے ہیں اور وہ ایرانی نمائندوں سے متعدد مرتبہ ملاقات کرچکے ہیں۔ انہوں نے مزید فوجی کارروائی کے امکان کو بھی مسترد نہیں کیا۔
اسی دوران برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز ادارے نے دبئی سے 50 ناٹیکل میل مغرب میں ایک آئل ٹینکر کے قریب نامعلوم پروجیکٹائل سے دھماکے کی اطلاع دی۔ ٹینکر کو نقصان نہیں پہنچا اور عملے کے تمام ارکان محفوظ رہے۔
