Five people arrested near a US airbase in the UK; 85 British families ordered to leave their homes.

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) دی نیوز کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں انسداد دہشت گردی پولیس نے امریکی فضائیہ کے زیر استعمال راف فئیرفورڈ  ایئربیس کے قریب ایک بڑے سکیورٹی واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں، جبکہ دہشت گرد کارروائی کی تیاری کے شبے میں 5 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

لندن میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق ہنگامی سروسز کو اطلاع ملی تھی کہ 3 مشکوک گاڑیاں ایئربیس کی جانب بڑھ رہی ہیں، جس کے بعد مسلح اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مشتبہ افراد کو حراست میں لیا۔

ابتدائی طور پر افراد کو دھماکا خیز مواد سے متعلق قوانین کے تحت گرفتار کیا گیا۔ قریبی گاؤں وہیل فورڈ کے تقریباً 85 خاندانوں کو احتیاطی طور پر گھروں سے نکلنے کی ہدایت کی گئی، جبکہ فوج کی بم ڈسپوزل ٹیموں کو بھی موقع پر طلب کرلیا گیا۔

دیہی سڑک پر روکی گئی 3 وینز کا ماہرین نے معائنہ کیا۔ فضائی مناظر میں بم ڈسپوزل روبوٹ کو گاڑیوں کے قریب دیکھا گیا، جن میں سے 2 کے پچھلے دروازے کھلے تھے۔

پولیس کے مطابق واقعہ قابو میں ہے اور علاقے میں 400 میٹر، یعنی تقریباً 1,300 فٹ، کا حفاظتی گھیراؤ قائم کیا گیا۔ ایئربیس کے داخلی راستوں پر مسلح اہلکار بھی تعینات رہے۔

مقامی رہائشی جولین ٹڈزبری کے مطابق پولیس نے صبح تقریباً 7 بجے ان کے دروازے پر پہنچ کر گھر خالی کرنے کی ہدایت کی۔ ان کے مطابق ایک مقامی خاتون نے رات کے وقت مشکوک وینز دیکھنے کے بعد ایئربیس پولیس سے رابطہ کیا، جواب نہ ملنے پر 999 پر کال کی۔

راف فئیر فورڈ میں امریکی فضائیہ کی 501 کامبیٹ سپورٹ ونگ موجود ہے۔ امریکی فضائیہ نے واضح کیا کہ واقعے میں اس کے کسی اہلکار کے ملوث ہونے کی اطلاع نہیں۔

برطانوی حکام نے کہا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں اور واقعے پر قیاس آرائی سے گریز کیا جائے۔ دفاعی وزیر ویس اسٹریٹنگ نے ایمرجنسی اور خصوصی ٹیموں کی کارروائی کو سراہا جبکہ مقامی رکن پارلیمنٹ روز سیویج نے صورتحال کو تشویشناک قرار دیا۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب برطانیہ میں غیر ملکی ریاستوں سے منسلک مبینہ تخریبی سرگرمیوں پر تشویش بڑھ رہی ہے۔ رواں سال برطانوی فوجی تنصیبات کو 300 سے زائد ڈرون واقعات میں نشانہ بنائے جانے کی رپورٹس بھی سامنے آئی ہیں۔