لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے لیے نئے ہیڈ کوچ کی تقرری کا فیصلہ کرلیا، جس کے لیے باقاعدہ اشتہار بھی جاری کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان ویمن ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ غیر ملکی ہوگا، جبکہ اس عہدے کے لیے موزوں امیدواروں کی تلاش کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے ہیڈ کوچ کی تقرری دورہ ویسٹ انڈیز سے قبل مکمل کیے جانے کا امکان ہے، تاکہ ٹیم کو آئندہ سیریز سے پہلے نئے کوچ کی خدمات حاصل ہوسکیں۔
واضح رہے کہ سابق فاسٹ بولر وہاب ریاض اس وقت پاکستان ویمن ٹیم کے ساتھ مینٹور کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں۔
پی سی بی کی جانب سے نئے ہیڈ کوچ کی تقرری کے بعد ٹیم کی کوچنگ اور تیاریوں کے حوالے سے نئی حکمت عملی سامنے آنے کا امکان ہے۔
