اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈان نیوزنے اپنی خبر میں رپورٹ کیا ہےکہ پاکستان سمیت 15 ممالک نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی آبادکاری کی سرگرمیوں کے خلاف برطانیہ اور آسٹریلیا کی جانب سے عائد پابندیوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ اقدامات دوسرے ممالک کو بھی اسی نوعیت کی کارروائی کرنے کی ترغیب دیں گے۔
جمعرات کو جاری ہونے والے مشترکہ بیان پر پاکستان، اردن، مصر، سعودی عرب، صومالیہ، انڈونیشیا، قطر، متحدہ عرب امارات، ترکیہ، کویت، الجزائر، نائجر، فلسطین، لیبیا اور مالدیپ کے وزرائے خارجہ کے دستخط ہیں۔
وزرائے خارجہ نے برطانیہ کے اس فیصلے کو بھی سراہا جس کے تحت غزہ میں انسانی امداد کی ترسیل میں رکاوٹ ڈالنے والی ایک تنظیم کو پابندیوں کا نشانہ بنایا گیا۔
برطانیہ نے منگل کو مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی بستیاں تعمیر کرنے والی آٹھ کمپنیوں پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔
ان میں ہار ہیورون ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ، ہیمدات شومرون لمیٹڈ اور ایس اے جی کنسٹرکشن اینڈ ڈیولپمنٹ لمیٹڈ شامل ہیں۔ پابندیوں کے تحت ان کمپنیوں کے اثاثے منجمد کرنے اور ان کے ڈائریکٹرز کو عہدوں سے نااہل قرار دینے کے اقدامات شامل ہیں۔
لندن نے یہ فیصلہ ای ون آبادکاری منصوبے سے متعلق ٹینڈر کی آخری تاریخوں سے کچھ پہلے کیا۔
آسٹریلیا نے بدھ کو تین اسرائیلی افراد اور چار تنظیموں پر پابندیاں عائد کیں۔ وزیر خارجہ پینی وونگ کے مطابق ان افراد اور تنظیموں نے نئی بستیوں کی منصوبہ بندی، رابطہ کاری اور قیام میں کردار ادا کیا، جس میں فنڈز جمع کرنا، رضاکاروں کی بھرتی اور پرتشدد آبادکاروں کی معاونت شامل ہے۔
پابندیوں میں آبادکار تنظیم ناخالا کی سربراہ ڈینیئلا ویس بھی شامل ہیں، جو فلسطینیوں کو غزہ سے بے دخل کرنے کی حامی رہی ہیں۔
دوسرے اسرائیلی شہری ایلیاو لیبی پر اپنی تعمیراتی کمپنی کے ذریعے مغربی کنارے میں بستیوں کی توسیع تیز کرنے کا الزام ہے۔
آسٹریلیا نے اپنے شہریوں اور کاروباری اداروں کو پابندیوں کی زد میں آنے والے افراد اور تنظیموں کے ساتھ تجارت یا معاونت سے روک دیا ہے۔
مشترکہ بیان میں وزرائے خارجہ نے اسرائیل کی مسلسل آبادکاری پالیسیوں، بالخصوص مقبوضہ مشرقی بیت المقدس کے مشرق میں ای ون منصوبے کی سخت مذمت کی۔
ان کے مطابق یہ منصوبہ مغربی کنارے کو تقسیم کرکے اسے مشرقی بیت المقدس سے الگ کرسکتا ہے، جس سے مستقبل کی فلسطینی ریاست کا علاقائی تسلسل متاثر ہوگا۔
بیان میں کہا گیا کہ آبادکاری اور انضمام کی پالیسیوں میں ملوث افراد اور اداروں کے احتساب کے لیے عالمی اقدامات اور پابندیاں ضروری ہیں۔
وزرائے خارجہ نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ آبادکاری سے متعلق اقدامات واپس لے اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے جغرافیائی اور آبادیاتی تشخص کو تبدیل کرنے کی کوششیں بند کرے۔
وزرائے خارجہ نے واضح کیا کہ غزہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں کا لازمی حصہ ہے اور پائیدار امن کا راستہ دو ریاستی حل سے ہوکر گزرتا ہے۔
اس کے تحت 4 جون 1967 کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک آزاد، خودمختار اور متصل فلسطینی ریاست قائم ہونی چاہیے، جس کا دارالحکومت مشرقی بیت المقدس ہو۔
پینی وونگ نے کہا کہ ای ون منصوبے کے علاقے میں حالیہ ہفتوں کے دوران تشدد نے دو ریاستی حل کے امکانات کو نقصان پہنچایا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اسرائیلی وزیر خارجہ گیڈون ساعر سے بھی پابندیوں کے معاملے پر بات کی گئی ہے۔ ان کے مطابق آسٹریلیا کی آبادکاری کی سرگرمیوں کی مخالفت ایک دیرینہ پالیسی ہے۔
