چار مرتبہ کی عالمی چیمپئن پاکستان ہاکی ٹیم نے ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ میں اپنے آخری میچ میں جنوبی افریقا کو پنالٹی شوٹ آؤٹ پر شکست دے کر ٹورنامنٹ میں 11ویں پوزیشن حاصل کی ہے۔
نیدرلینڈز کے شہر ایمسٹلوین میں کھیلے گئے اس سنسنی خیز مقابلے کا فیصلہ پینلٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔
میچ کے آغاز میں جنوبی افریقا نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے پہلے دو کوارٹرز میں 0-2 کی برتری حاصل کی، تاہم قومی ٹیم نے شاندار کم بیک کیا۔
افراز اور محمد حماد نے مسلسل دو گول کرکے میچ 2-2 سے برابر کردیا۔
تیسرے کوارٹر کے آغاز میں کپتان رانا وحید نے گول کرکے پاکستان کو پہلی بار برتری دلائی۔
مقررہ وقت کے اختتام تک دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ رہا۔
جنوبی افریقا کے ایک اور گول کے بعد میچ 3-3 سے برابر ہوا، پھر جنوبی افریقا نے پینلٹی سٹروک پر برتری حاصل کی۔
تاہم، میچ کے آخری سیکنڈ میں حماد الدین نے شاندار گول کرکے مقابلہ 4-4 گول سے برابر کر دیا۔
میچ کا فیصلہ کن مرحلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر گیا، جہاں پاکستان نے 3-4 سے کامیابی حاصل کرکے ایونٹ کا فاتحانہ انداز میں اختتام کیا۔
قومی ٹیم نے ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 6 میچز کھیلے، جن میں سے 2 میں کامیابی، 3 میں شکست جبکہ ایک میچ ڈرا رہا۔
