فٹبال کے عظیم کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو اور ان کی دیرینہ ساتھی، معروف ماڈل و انفلوئنسر جارجینا روڈریگیز رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے ہیں۔

پرتگال کے سپر اسٹار نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک تصویر شیئر کرکے مداحوں کو اس مسرت بھرے لمحے کی خبر دی، جس میں دونوں کے ہاتھ ایک دوسرے کے ساتھ اور انگلیوں میں شادی کی انگوٹھیاں واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہیں۔

رونالڈو اور جارجینا طویل عرصے سے ایک دوسرے کے ساتھ وابستہ ہیں اور ان کے پانچ بچے ہیں۔

سوشل میڈیا پر شادی کی یہ خبر سامنے آتے ہی دنیا بھر میں موجود کرسٹیانو رونالڈو کے کروڑوں مداحوں اور نامور شخصیات کی جانب سے انہیں مبارکباد دینے کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔

واضح رہے کہ رونالڈو نے حال ہی میں اپنے کیریئر کے چھٹے فیفا ورلڈ کپ میں پرتگال کی نمائندگی کی تھی، جہاں ان کی ٹیم کو پری کوارٹر فائنل میں اسپین کے ہاتھوں ایک صفر سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔