اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ایکسپریس ٹریبیون کی خبر کے مطابق پاکستان اور امریکا کے درمیان باہمی تجارتی معاہدے کے لیے واشنگٹن میں ہونے والے دو روزہ مذاکرات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق دونوں ممالک نے متعدد معاملات پر اختلافات کم کرتے ہوئے معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے کے لیے اتفاق رائے پیدا کیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے بتایا کہ 9 اور 10 جولائی کو واشنگٹن میں ہونے والے مذاکرات خوشگوار ماحول میں منعقد ہوئے، جہاں دونوں ممالک نے باہمی تجارت، سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون کو مزید وسعت دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے دوران دونوں فریقوں نے مختلف امور پر موجود اختلافات کو کم کرنے اور مشترکہ نکات پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی سمت نمایاں پیش رفت کی، تاکہ باہمی تجارتی معاہدہ جلد از جلد مکمل کیا جا سکے۔
پاکستانی وفد کی قیادت سیکریٹری تجارت جواد پال نے کی، جنہوں نے مذاکرات کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک نے کئی اہم شعبوں میں قابل ذکر پیش رفت حاصل کی ہے۔ پاکستانی وفد میں سیکریٹری اوورسیز پاکستانیز و ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ ندیم چوہدری، جوائنٹ سیکریٹری ٹیرف پالیسی محمد اشفاق اور وزارت خارجہ کے حکام شامل تھے، جبکہ دیگر متعلقہ وزارتوں کے نمائندے آن لائن شریک ہوئے۔
مذاکرات میں دوطرفہ تجارت کے فروغ، تجارتی رکاوٹوں کے خاتمے، سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے اور کاروباری تعاون کو وسعت دینے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری تصاویر میں پاکستانی وفد کے سربراہ جواد پال کو امریکی حکام کو پاکستان میں تیار کردہ فٹبال پیش کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا، جو ملکی برآمدات کی اہم علامت تصور کی جاتی ہے۔
امریکی تجارتی نمائندے کے دفتر کے مطابق 2024 میں دونوں ممالک کے درمیان اشیا اور خدمات کی مجموعی تجارت کا حجم تقریباً 10.1 ارب ڈالر رہا، جبکہ 2025 میں صرف اشیا کی تجارت 8.7 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔ اس عرصے میں امریکا کی پاکستان کو برآمدات 3.3 ارب ڈالر جبکہ پاکستان کی امریکا کو برآمدات 5.4 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔
