Heartbreaking shooting in America 8 innocent children killed, suspect killed in police encounter
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ایکسپریس ٹریبیون کی خبر کے مطابق امریکی ریاست لوئیزیانا کے شہر شریوپورٹ میں پیش آنے والے افسوسناک فائرنگ کے واقعے میں 1 سے 14 سال کی عمر کے 8 بچے جان کی بازی ہار گئے، جبکہ مجموعی طور پر کم از کم 10 افراد کو نشانہ بنایا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق واقعہ اتوار کی صبح تقریباً 6 بجے پیش آیا اور ابتدائی تحقیقات میں اسے گھریلو تنازع کا شاخسانہ قرار دیا جا رہا ہے۔ شیریو محکمہ پولیس کے ترجمان کرسٹوفر بورڈیلون نے بتایا کہ فائرنگ تین مختلف رہائش گاہوں میں کی گئی، اور جاں بحق ہونے والے بچوں میں سے بعض کا تعلق مبینہ حملہ آور سے تھا۔
واقعے کے بعد ملزم نے ایک گاڑی چھین کر فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم پولیس کے تعاقب کے دوران بوسیئر پیرش کے علاقے میں فائرنگ کے تبادلے میں وہ ہلاک ہو گیا۔
حکام کے مطابق پولیس کارروائی کی تحقیقات لوئیزیانااسٹیٹ پولیس کر رہی ہے، جبکہ ملزم کی شناخت متاثرہ خاندانوں کو آگاہ کرنے کے بعد ظاہر کی جائے گی۔
شریوپورٹ کے میئر ٹام آرسینیو نے اسے شہر کی تاریخ کا انتہائی دردناک سانحہ قرار دیا، جبکہ امریکی ایوانِ نمائندگان کے اسپیکر مائیک جانسن اور ریاستی گورنر جیف لینڈری نے بھی واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
پولیس کے مطابق زخمی افراد کی حالت اور مزید تفصیلات سامنے لانے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔




