
خلیجی کشیدگی کے بعد سعودی عرب اور ایران میں اہم رابطہ
ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) خلیجی خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران ایک اہم سفارتی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں فیصل بن فرحان السعود اور عباس عراقچی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ یہ حالیہ بحران کے بعد دونوں ممالک کے درمیان پہلا باضابطہ رابطہ قرار دیا جا رہا ہے۔
سعودی وزارت خارجہ کے مطابق اس گفتگو میں خطے کی موجودہ صورتحال، سیکیورٹی خدشات اور کشیدگی کو کم کرنے کے ممکنہ اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں امن اور استحکام کی بحالی کے لیے سفارتی کوششوں کو مزید تیز کرنا ہوگا۔
یہ رابطہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب ایران کی جانب سے خلیجی ممالک پر حملوں کے بعد خطے میں تناؤ میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جبکہ سعودی عرب سمیت دیگر ممالک صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت ایک مثبت اشارہ ہے، جو مستقبل میں مذاکرات کی راہ ہموار کر سکتی ہے، تاہم موجودہ صورتحال اب بھی نہایت حساس اور نازک ہے۔



