Washington's new advisory advises American citizens to be cautious in Pakistan
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک)ڈان نیوز کی خبر کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر امریکی شہریوں کو پاکستان کا سفر کرنے سے قبل اپنے منصوبوں پر نظرِ ثانی کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ اس سلسلے میں 26 جنوری کو پاکستان کے لیے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کی گئی ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق پاکستان کو لیول 3 کی درجہ بندی دی گئی ہے، جس کا مطلب ہے کہ ملک میں سیکیورٹی سے متعلق سنجیدہ خطرات موجود ہیں اور مسافروں کو محتاط فیصلہ کرنے کی ہدایت دی جاتی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق دہشت گرد حملے بغیر کسی پیشگی اطلاع کے ہو سکتے ہیں، جبکہ ممکنہ اہداف میں ٹرانسپورٹ مراکز، ہوٹلز، بازار، شاپنگ مالز، فوجی اور سیکیورٹی تنصیبات، ایئرپورٹس، ریلوے اسٹیشن، تعلیمی ادارے، اسپتال، عبادت گاہیں، سیاحتی مقامات اور سرکاری عمارتیں شامل ہیں۔
ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے بعض علاقوں سمیت چند خطوں کو لیول 4 قرار دیا گیا ہے، جہاں کسی بھی وجہ سے سفر نہ کرنے کی سخت ہدایت کی گئی ہے۔ امریکی حکام کے مطابق ان علاقوں میں اغوا اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کا خطرہ زیادہ ہے، جبکہ یہ انتباہ پاکستانی نژاد امریکی شہریوں پر بھی لاگو ہوگا۔
محکمے نے یہ بھی خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں بغیر اجازت مظاہروں میں شرکت قانوناً ممنوع ہے اور ماضی میں ایسے مظاہروں میں شامل امریکی شہریوں کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔




