
Noman Ali's record-breaking feat breaks Abdul Qadir's 37-year-old record-AFP
لاہور: پاکستان کے تجربہ کار اسپنر نعمان علی نے لیجنڈری عبدالقادر کا 37 سالہ ریکارڈ توڑ کر قومی کرکٹ تاریخ میں نیا سنگ میل عبور کر لیا وہ لگاتار پانچ ٹیسٹ میچز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے پاکستانی بولر بن گئے، جنہوں نے اپنے 16ویں سے 20ویں ٹیسٹ کے دوران شاندار 46 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ عبدالقادر کے پاس تھا، جنہوں نے 1987-88 میں 44 وکٹیں لی تھیں نعمان کی حالیہ کارکردگی نے انہیں گزشتہ 12 ماہ کے دوران دنیا کا کامیاب ترین اسپنر بھی بنا دیا ہے۔
لاہور ٹیسٹ میں نعمان نے جنوبی افریقہ کے خلاف 4 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے پاکستان کی 94 رنز سے فتح میں اہم کردار ادا کیا مہمان ٹیم 277 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 183 پر ڈھیر ہو گئی شاہین آفریدی نے بھی 4/33 کی شاندار باؤلنگ کی۔
نعمان کے حالیہ اسپیل میں ملتان میں 11 اور راولپنڈی میں 9 وکٹیں، جبکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف دو میچوں میں 16 وکٹیں شامل ہیں۔
پاکستان نے اس کامیابی کے ساتھ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے نئے سائیکل کا فاتحانہ آغاز کیا سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ 20 اکتوبر سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔