Trump’s intervention pays off; Nvidia reinstates Jensen Huang as head.

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ایکسپریس ٹریبیون نے اپنی خبر میں رپورٹ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے ٹیکنالوجی کمپنی نیوڈیا کے بورڈ پر دباؤ ڈال کر جینسن ہوانگ کی بطور چیف ایگزیکٹو واپسی کی راہ ہموار کی۔

 ٹرمپ کے مطابق بورڈ کو یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ ہوانگ کی دوبارہ تقرری سے امریکا کی قومی سلامتی کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہوگا، تاہم اس فیصلے پر دونوں بڑی جماعتوں کے ارکان کانگریس نے سوالات اٹھا دیے ہیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ہوانگ نے 12 نومبر کو ماتحت ملازمین اور چینی شہری ایلس ہوانگ کے ساتھ مبینہ ازدواجی تعلقات سے باہر روابط کے انکشافات کے بعد عہدہ چھوڑ دیا تھا۔

 ایلس ہوانگ کو مبینہ طور پر جاسوس ہونے کے شبہے میں دیکھا گیا ہے، تاہم ان کا جینسن ہوانگ سے کوئی خاندانی تعلق نہیں۔

ٹرمپ نے پیر کو سی این بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ وہ نیوڈیا کے بورڈ سے مسلسل رابطے میں تھے اور انہوں نے ہوانگ کی واپسی کی حمایت کی۔

 ان کے مطابق بورڈ قومی سلامتی کے حوالے سے یقین دہانی چاہتا تھا، جس پر امریکی انتظامیہ نے معاملے کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ اگر سی آئی اے سے کلیئرنس نہ ملتی تو وہ اس فیصلے کی حمایت نہ کرتے۔

امریکی صدر نے ہوانگ کو قومی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا کو اپنے ذہین افراد کا تحفظ کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ چین ہوانگ کو اپنے ملک منتقل ہونے کے لیے پرکشش مراعات دے سکتا ہے۔

 ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ اٹارنی جنرل ٹاڈ بلانش نے انہیں بتایا ہے کہ حکومت کے پاس ہوانگ کی جانب سے کسی غیر قانونی سرگرمی کا ثبوت نہیں۔

تاہم اس فیصلے پر کانگریس میں تنقید سامنے آئی ہے۔ ڈیموکریٹ سینیٹر الزبتھ وارن نے ہوانگ کی واپسی کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملے سے چین کو چپس کی برآمدات پر سخت پابندیوں کی ضرورت مزید واضح ہوگئی ہے۔

 سینیٹ میں ڈیموکریٹ رہنما چک شومر نے ٹرمپ انتظامیہ، ہوانگ اور نیوڈیا کے دیگر عہدیداروں کے ممکنہ کردار کی تحقیقات کا عزم ظاہر کیا۔

ری پبلکن سینیٹرز جان کارنن اور جان کرٹس نے بھی بورڈ کے اس مؤقف پر سوال اٹھایا کہ ہوانگ کی واپسی قومی سلامتی کے لیے خطرہ نہیں۔

 ہوانگ 3 دسمبر کو سینیٹ کی بینکنگ کمیٹی کے سامنے پیش ہوں گے، جبکہ یکم دسمبر کو ایوانِ نمائندگان کی تین کمیٹیوں کو بند کمرے میں بریفنگ دیے جانے کا امکان ہے۔

بلومبرگ کے مطابق نیوڈیا کے بورڈ نے سینئر قیادت سے مشاورت کیے بغیر ہوانگ کی واپسی کا فیصلہ کیا، جبکہ کمپنی کے اعلیٰ عہدیداروں کو آخری وقت میں اس بارے میں بتایا گیا۔

 ٹرمپ کی جانب سے گزشتہ ہفتے بورڈ پر دباؤ بڑھانے اور اتوار کو ہوانگ کی واپسی کی اپیل کے بعد فیصلہ تبدیل ہوا۔ اس پیش رفت کے بعد نیوڈیا کے حصص میں تیزی آئی اور چپ ساز دیگر کمپنیوں کے حصص بھی اوپر چلے گئے۔