
مساجد میں پرائمری تک روایتی تعلیم،وزارت مذہبی امور کی تجویز
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) وزارت مذہبی امور کے مطابق پاکستان بھر میں ڈیڑھ کروڑ سے زائد بچے اسکول نہیں جاتے،جبکہ وزارت مذہبی امور نے مساجد کو روایتی تعلیم دینے کیلئے آئمہ کرام سے مشاورت شروع کردی ہے۔وفاقی حکام کے مطابق ملک بھر میں ڈھائی لاکھ سے زائد مساجد ہیں جو فجر تاظہر خالی رہتی ہیں۔
نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا کہ مساجد میں تعلیم اور صحت کی سہولیات کیلئےصوبائی حکومتوں سے مشاورت جاری ہے، مختلف ممالک میں مساجد صدیوں سے تعلیم اور صحت کی خدمات کیلئے استعمال ہورہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسجد میں ہفتے میں ایک دن لیڈی ڈاکٹر کی خدمات فراہم کرنے کی بھی تجویز دی گئی ہے جب کہ صدر عارف علوی بھی مساجد میں تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے حق میں ہیں۔