اردوانٹرنیشنل (اسپورٹس ڈیسک) تفصیلات کے مطابق ارباب نیاز اسٹیڈیم پشاور کو 19 سال کے طویل وقفے کے بعد بحال کیے جانے کا امکان ہے کیونکہ یہ مقام پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آئندہ 10ویں ایڈیشن کے دلکش میچوں کی میزبانی کے لیے زیر غور ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) آئندہ ایڈیشن میں پی ایس ایل کے کم از کم دو میچز کی میزبانی پر غور کر رہا ہے۔
یہ پیشرفت اس وقت سامنے آئی جب پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی سے درخواست کی کہ وہ پی ایس ایل کے آئندہ 10ویں ایڈیشن کے لیے پشاور کو ایک جگہ کے طور پر غور کریں۔
پی سی بی کو بھیجے گئے ای میل میں جاوید نے زلمی کے ہوم گراؤنڈ پر گیمز کی میزبانی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
انہوں نے پی سی بی سے کہا کہ وہ پشاور میں ایک کمیٹی بنائے تاکہ شہر میں پی ایس ایل کی میزبانی کی ضمانت دی جاسکے۔
وزیر اعلیٰ اور پی سی بی چیئرمین کی حمایت حاصل کرنے کے بعد جاوید نے اپنے سوشل میڈیا ہینڈل پر معلومات شیئر کیں۔
آفریدی نے ایکس پر پوسٹ کیا کہ وزیراعلیٰ کے پی @AliAminKhanPTI کے ساتھ ایک نتیجہ خیز کال ہوئی انہوں نے محکمہ کھیل کو ارباب نیاز سٹیڈیم پشاور میں بقیہ 20 فیصد کام کے لیے فنڈز جاری کرنے کی ہدایت کی ہے۔
چیئرمین پی سی بی پشاور زلمی گیمز پشاور میں کرانے کے حق میں ہیں پی ایس ایل سے پہلے کچھ سنسنی خیز مقابلوں کے لیے تیار ہوجائیں، شائقین کے پی سرزمین پر انٹرنیشنل اسٹار دیکھیں گے۔ انشاءاللہ،
واضح رہے کہ ارباب نیاز اسٹیڈیم نے آخری بار 2006 میں ایک بین الاقوامی میچ کی میزبانی کی تھی ۔