اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن (پی بی بی ایف) نے لاہور میں دبئی باسکٹ بال چیمپئن شپ کے لیے ہونے والے ٹرائلز کو غیر قانونی قرار دے دیا۔ سیکرٹری جنرل خالد بشیر نے پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) اور وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر مجاز ٹیموں کی سرگرمیوں کو روکتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی درست نمائندگی کو یقینی بنائیں۔
بشیر نے واضح کیا کہ قومی ٹیموں کے انتخاب اور ٹرائلز کا اختیار صرف پی بی بی ایف کے پاس ہے، اور بغیر نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) کسی ٹیم کو بیرون ملک نمائندگی کی اجازت نہیں۔ انہوں نے ایف آئی اے سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا تاکہ غیر سرکاری ٹیموں کی سرگرمیوں کو روکا جا سکے۔