Wednesday, July 24, 2024
Top Newsمظاہر علی نقوی اپنے ساتھ جسٹس کا لفظ استعمال نہ کریں، سپریم...

مظاہر علی نقوی اپنے ساتھ جسٹس کا لفظ استعمال نہ کریں، سپریم جوڈیشل کونسل

مظاہر علی نقوی اپنے ساتھ جسٹس کا لفظ استعمال نہ کریں، سپریم جوڈیشل کونسل

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) سپریم جوڈیشل کونسل نے مستعفی جج مظاہر علی نقوی کے خلاف ریفرنس پر 33 صفحات پر مشتمل اپنے تفصیلی فیصلے میں نتیجہ اخذ کیا ہے کہ سید مظاہر علی نقوی مسکنڈکٹ کے مرتکب قرار پائے گئے ہیں، انہیں جج کے عہدے سے ہٹا دیا جانا چاہیے تھا اور ان کے نام کے ساتھ اعزازی جسٹس یا جج کا لفظ استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔

رپورٹ کے مطابق تفصیلی فیصلے میں بتایا گیا ہے کہ 5 ججوں پر مشتمل سپریم جوڈیشل کونسل کو سابق جج کی طرف سے مس کنڈکٹ کی متعدد مثالیں ملیں ہیں اور اس سے عدلیہ کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے۔

یاد رہے کہ مظاہر علی نقوی نے سپریم جوڈیشل کونسل کے آرٹیکل 209(6) کے تحت اپنے خلاف 9 شکایات پر کارروائی شروع کرنے سے ایک دن قبل ہی استعفیٰ دے دیا تھا مگر کونسل نے اپنی کارروائی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا تھا، چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے کہا تھا کہ اس غلط فہمی کو دور کرنا ضروری ہے کہ عدلیہ کا ادارہ قانون سے بالاتر ہے۔

چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم جوڈیشل کونسل نے پاکستان بار کونسل (وکلا کی سب سے بڑی نگران تنظیم) کے ساتھ ساتھ چاروں صوبائی بار کونسلوں اور ایڈووکیٹ میاں داؤد کی کاوش کو سراہا تھا جنہوں نے قانون کی حکمرانی اور احتساب کے اصولوں کو برقرار رکھنے کے لیے شکایات درج کرائیں۔

مظاہر علی نقوی کے خلاف شکایت کنندگان کی طرف سے کم از کم 5 الزامات لگائے گئے تھے، سپریم جوڈیشل کونسل کا تفصیلی فیصلے میں کہنا تھا کہ ہم یہ نتیجہ اخذ کرنے میں مجبور ہیں کہ مظاہر علی نقوی نے ججوں کے ضابطہ اخلاق کی کئی شقوں کی خلاف ورزی کر کے اپنے عہدہ کے حلف کی خلاف ورزی کی ہے۔

کونسل نے وضاحت کی کہ یہ نہیں کہا جا سکتا کہ مظاہر علی نقوی نقوی میں لالچ نہیں تھا، ان کا اپنے سرکاری اور نجی معاملات میں طرز عمل جج سے متوقع نامناسب رویے کے مطابق تھا اور اس طرح انہوں نے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2، 3 کی خلاف ورزی کی ہے، سپریم جوڈیشل کونسل کی رائے میں یہ واضح ہے کہ انہوں نے آرٹیکل 4 کی خلاف ورزی کی ہے کیونکہ ان کے اعمال ذاتی فائدے سے متاثر ہوئے تھے۔

فیصلے میں بتایا گیا کہ مظاہر علی نقوی چوہدری محمد شہباز کے دائر کردہ مقدمے میں اپنے ذاتی فائدے کے لیے ملوث تھے جن سے مظاہر علی نقوی نے لاہور کے 100 سینٹ جان پارک خریدے اور انہوں نے جان بوجھ کر شہباز اور ان کے بچوں کو ان کی کچھ قیمتی جائیداد سے محروم کر دیا تھا، اس طرح انہوں نے آرٹیکل 6 کی بھی خلاف ورزی کی۔

واضح رہے کہ آرٹیکل 6 کے مطابق جج کو جہاں تک ممکن ہو، اپنی طرف سے یا دوسروں کی طرف سے، قانونی چارہ جوئی میں یا ایسے معاملات میں ملوث ہونے سے بچنے کی کوشش کرنی چاہیے جو صنعت، تجارت یا لین دین جیسی قانونی کارروائی کا باعث بن سکتے ہیں۔

غیر مناسب فائدہ حاصل کرنے کے لیے اپنے عہدے کے اثر و رسوخ کو استعمال کرنا، چاہے وہ فوری ہو یا مستقبل میں، ایک سنگین غلطی ہے، جج کو نجی اداروں یا افراد پر مالی یا دیگر ذمہ داریاں عائد کرنے سے گریز کرنا چاہیے جو انہیں اپنے فرائض کی انجام دہی میں شرمندہ کر سکتے ہیں۔

کونسل کے فیصلے کے مطابق غیر واضح تحائف جس میں 5 کروڑ روپے ، بیٹوں کے لیے معمولی قیمت پر وصول کیے گئے دو کمرشل پلاٹ، دو رہائشی پلاٹس اور بیٹی کے لیے 5 ہزار پاؤنڈز حاصل کرکے مظاہر علی نقوی نے آرٹیکل 6 کی خلاف ورزی کی ہے۔

سپریم جوڈیشل کونسل نے کہا کہ استغاثہ کے گواہ صفدر خان، ایک تاجر اور لاہور سمارٹ سٹی (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے مالک زاہد رفیق نے کارروائی کے دوران مظاہر علی نقوی کی 100 سینٹ جانز پارک کی قیمت اور اسے حاصل کرنے کے لیے ڈویلپر ( لاہور سمارٹ سٹی) کی طرف سے 5 کروڑ روپے کی ادائیگی کا جواز پیش کرنے میں مدد کرنے کی پوری کوشش کی۔

مزید کہا کہ لیکن وہ یہ بتانے میں مکمل طور پر ناکام رہے، کیوں ایک رجسٹرڈ کمپنی نے نمایاں واجب الادا رقم کا تصفیہ کیا، جو مبینہ طور پر محمد صفدر سے قرض لی گئی تھی، اور انہیں ادا نہیں کی۔

سپریم جوڈیشل کونسل نے کہا کہ وہ گواہ صفدر خان اور زاہد رفیق دونوں کی شہادتوں پر اعتبار نہیں کریں گے جبکہ دوسری جانب مظاہر علی نقوی نے اس حوالے سے اپنے تحریری جواب میں کوئی معقول وجہ پیش نہیں کی اور گواہی دینے سے بھی گریز کیا۔

کونسل نے نوٹ کیا کہ اپنے جواب میں مظاہر علی نقوی نے یہ نہیں بتایا کہ ایک کمپنی نے 100 سینٹ جانز پارک خریدنے کے لیے اتنی بڑی رقم کیوں ادا کی تھی؟ انہوں نے مزید کہا کہ ایک جج کی جانب سے پراپرٹی ڈویلپر سے اتنی بڑی رقم قبول کرنا، جس نے دعویٰ کیا کہ وہ شاید ہی انہیں جانتا تھا، ملکیت کے حوالے سے بہت سنگین سوالات کو جنم دیتا ہے، کونسل کے مطابق چونکہ رقم کی ادائیگی کے لیے کوئی قابل عمل وضاحت سامنے نہیں آئی تھی، اس لیے سپریم جوڈیشل کونسل نے یہ فرض کیا کہ ایک جج کے لیے اتنی ناقابل فہم سخاوت اس امید کے ساتھ دی گئی تھی کہ اس کا بہت اچھا بدلہ دیا جائے گا۔

کونسل نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ مظاہر علی نقوی کو 16 مارچ 2020 کو سابق چیف جسٹس گلزار احمد نے عہدے کا حلف دیا اور دو سال سے بھی کم عرصے میں انہیں چار جائیدادیں ملیں، تین اسلام آباد اور ایک راولپنڈی میں۔

سپریم جوڈیشل کونسل نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ جن تنظیموں سے انہوں نے چار جائیدادیں حاصل کیں وہ اس کے اراکین کو رہائش فراہم کرنے کے لیے قائم کی گئی تھیں، مظاہر علی نقوی نے یہ وضاحت نہیں کی کہ انہوں نے جائیدادیں کیوں حاصل کیں؟ جب کہ وہ یقینی طور پر ان تمام مقامات میں رہائش پذیر بھی نہیں تھے۔

دیگر خبریں

Trending

USA Supports Pakistan India Talks

پاکستان میں اپوزیشن رہنماؤں کی گرفتاریوں پر امریکہ کا تشویش کا...

0
پاکستان میں اپوزیشن رہنماؤں کی گرفتاریوں پر امریکہ کا تشویش کا اظہار اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میھتیو ملر نے کہا،’’ہمیں...