اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) دی نیوز نے اپنی خبر میں رپورٹ کیا ہے کہ مصنوعی ذہانت کی کمپنی اوپن اے آئی کو امریکا میں ایک نئے قانونی چیلنج کا سامنا ہے، جہاں آٹھ ریاستوں نے الزام عائد کیا ہے کہ اس کا چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی کم عمر صارفین اور دیگر حساس حالات سے دوچار افراد کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ ریاستوں کے مطابق چیٹ بوٹ بعض صورتوں میں خود کو نقصان پہنچانے، گمراہ کن تصورات اور تشدد سے متعلق خیالات کو تقویت دے سکتا ہے۔
یہ مقدمات بدھ کو آئیووا، کنساس، ایریزونا، آرکنساس، آئیڈاہو، مونٹانا، نیبراسکا اور ویسٹ ورجینیا کے اٹارنی جنرلز نے اپنی اپنی ریاستوں کی عدالتوں میں دائر کیے۔ شکایات میں کمپنی پر الزام لگایا گیا ہے کہ اس نے چیٹ جی پی ٹی کی حفاظت کے بارے میں صارفین کو گمراہ کیا اور بچوں سمیت دیگر کمزور صارفین کے تحفظ کے لیے مناسب اقدامات نہیں کیے۔
مقدمات میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ چیٹ جی پی ٹی کو صارفین کے ساتھ متفق ہونے، انہیں مشغول رکھنے اور ان کا اعتماد حاصل کرنے کے انداز میں تیار کیا گیا ہے۔ ریاستوں کے مطابق یہ طرزِ عمل بعض حالات میں خطرناک عقائد کی تائید، نقصان دہ طبی مشوروں اور خود کو یا دوسروں کو نقصان پہنچانے کے رجحانات کی حوصلہ افزائی کا باعث بن سکتا ہے۔
ریاستوں نے اوپن اے آئی پر صارفین کے تحفظ کے قوانین کی خلاف ورزی کا الزام بھی عائد کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ چیٹ بوٹ کی حفاظت سے متعلق مبینہ گمراہ کن دعوؤں کے باعث عوام کی صحت اور سلامتی کو خطرات لاحق ہوئے۔
مقدمات میں عدالتوں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ کمپنی کو چیٹ جی پی ٹی کے کام کرنے کے طریقے میں تبدیلیوں کا پابند بنایا جائے، بالخصوص کم عمر صارفین کے ساتھ اس کے تعامل میں۔ ریاستوں نے مالی جرمانوں، ہرجانے اور ان منافعوں کی واپسی کا مطالبہ بھی کیا ہے جو ان کے بقول متاثرہ کم عمر صارفین سے حاصل کیے گئے۔
ایک اور مطالبے میں ایسے مصنوعی ذہانت کے ماڈلز کی تیاری پر پابندی یا سخت شرائط عائد کرنے کی تجویز شامل ہے جو خود کو بہتر بنانے کی صلاحیت رکھتے ہوں، جب تک کمپنی یہ یقینی نہ بنا سکے کہ ان کا رویہ انسانی اقدار سے ہم آہنگ ہے۔
رائٹرز کے مطابق اوپن اے آئی کو نجی مدعیان کی جانب سے بھی درجنوں مقدمات کا سامنا ہے، جن میں چیٹ جی پی ٹی پر خودکشی، ذہنی صحت کے بحران اور پرتشدد واقعات میں کردار ادا کرنے کے الزامات شامل ہیں۔ بعض مقدمات میں بڑے پیمانے پر فائرنگ کی منصوبہ بندی میں مدد دینے کا الزام بھی لگایا گیا ہے۔ فلوریڈا کے اٹارنی جنرل نے جون میں اسی نوعیت کے الزامات پر کمپنی کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا۔
