
Bomb blast in Harnai district of Balochistan, 10 people killed, 6 injured
بلوچستان کے ضلع ہرنائی کی تحصیل شاہرگ میں بم دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے۔ دھماکہ تحصیل شاہرگ کے علاقے ٹاکڑی میں ہوا، ڈپٹی کمشنر ہرنائی والی کاکڑ کا کہنا تھا کہ ، نامعلوم افراد نے سڑک کنارے دھماکہ خیز مواد نصب کیا تھا اور دھماکہ خیز مواد اس وقت بھٹ گیا جب ایک پک اپ گاڑی وہاں سے گزر رہی تھی، جس کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوئے۔
اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے اور زخمی ہونے والے افراد کوئلہ کانوں میں کام کرنے والے مزدور تھے، انہوں نے مزید کہا کہ جمعے کے روز چھٹی کے باعث مزدور خریداری کے لیے بازار جاتے ہیں اور ہلاک ہونے والے مزدور بھی خریداری کے سلسلے میں بازار جارہے تھے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے مزدوروں کا تعلق خیبر بختونخوا کے علاقے سوات اور دیگر علاقوں سے ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ بلوچستان میں بدامنی پھیلانے والے عناصر کے خلاف سخت کاروائی جاری رکھیں گے ۔
اس کے علاوہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی دھماکے کے نتیجے میں کان کنوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ملک سے دہشتگردی کے عفریت کے خاتمے کے لیے سرگرم عمل ہیں اور نہتے معصوم شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والے درندوں کو سخت قیمت چکانی پڑے گی۔