میرپور میں کھیلے گئے تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے آسٹریلیا کو ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت 86 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔
بنگلادیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 284 رنز بنائے۔ مصدق حسین 86 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ شانتو نے 67 اور تنزید حسن نے 54 رنز اسکور کیے۔
جواب میں آسٹریلوی ٹیم بارش سے متاثرہ میچ میں 42.2 اوورز میں 9 وکٹوں پر 191 رنز ہی بنا سکی۔ کیمرون گرین نے 52 اور الیکس کیری نے 47 رنز بنائے، جبکہ بنگلادیش کے ناہید رانا نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔
یہ بنگلادیش کی آسٹریلیا کے خلاف 21 سال بعد ون ڈے کرکٹ میں پہلی فتح ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ون ڈے کل جبکہ تیسرا اور آخری میچ 14 جون کو کھیلا جائے گا۔
