اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ روس، ایران اور حزب اللہ شامی حکومت کا دفاع نہ کرسکے، اب امریکا شام میں شراکت داروں اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔

صدر بائیڈن نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ایران اور اس کے ایجنٹوں کی بشارالاسد کو بچانے کی تمام کوششیں ناکام ہوگییں اور آخر کار شام میں بشارلاسد حکومت کا خاتمہ ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا خطے میں خطرات کو کم کرنے کے لیے اقدامات کرے گا اور اقوام متحدہ کے فریم ورک کے اندر تمام شامی گروپوں کے ساتھ کام کرے گا۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ شام کے مستقبل کا فیصلہ شام کے عوام کے لیے اہم ہے، اقتدار کی پرامن منتقلی یقینی بنانے کے لیے بہت زیادہ کام کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ روسی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ شام میں باغیوں کے قبضے کے بعد ملک چھوڑجانے والے صدر بشارالاسد اپنے اہل خانہ کے ہمراہ ماسکو پہنچ گئے ہیں جہاں روس نے انہیں سیاسی پناہ دے دی۔