Three major players in global politics at one table a historic meeting between Trump, Xi, and Putin.

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ایکسپریس ٹریبیون نے اپنی خبر میں رپورٹ کیا ہےکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے بدھ کو چین کے شہر شینزن میں ایک دوسرے سے بالمشافہ ملاقات کے دوران خیرسگالی کا تبادلہ کیا، جبکہ تینوں رہنماؤں کی پہلی باضابطہ سہ فریقی ملاقات جمعرات کو متوقع ہے۔

 اس ملاقات نے عالمی سطح پر یوکرین کے مستقبل اور بڑی طاقتوں کے درمیان نئے تزویراتی تعلقات سے متعلق خدشات کو جنم دیا ہے۔

ایشیائی پیسیفک اقتصادی تعاون سربراہی اجلاس سے قبل جاری ہونے والی فوٹیج میں پیوٹن کو ٹرمپ سے مصافحہ کرتے اور دونوں رہنماؤں کو شی جن پنگ کے ساتھ خوشگوار جملوں کا تبادلہ کرتے دیکھا گیا۔

 اس کے بعد تینوں رہنما گروپ تصویر کے لیے اپنی نشستوں پر پہنچے۔

تینوں طاقتور رہنماؤں کی متوقع ملاقات کے حوالے سے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں کہ کہیں یوکرین کے مستقبل سے متعلق فیصلے کیف اور یورپی ممالک کو اعتماد میں لیے بغیر نہ کر لیے جائیں۔

 اس پیش رفت کو عالمی طاقتوں کے درمیان اثرورسوخ کے نئے دائرے تشکیل دینے کی ممکنہ کوششوں کے تناظر میں بھی دیکھا جا رہا ہے۔

چینی صدر نے شینزن کے باؤآن انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ٹرمپ کا استقبال کیا۔ چینی سرکاری خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق شی جن پنگ نے کہا کہ وہ چین اور امریکا کے تعلقات، ایشیا پیسیفک تعاون اور عالمی صورتحال سے متعلق اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کے منتظر ہیں، تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تعمیری اور تزویراتی طور پر مستحکم تعلقات کو آگے بڑھایا جا سکے۔

چین اس سال 21 بحرالکاہلی معیشتوں پر مشتمل اے پی ای سی کے سالانہ اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے۔ ٹرمپ کے استقبال کے لیے دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے، لڑاکا طیاروں نے فضا میں پرواز کی اور سرخ قالین کے دونوں جانب موجود افراد نے امریکی اور چینی پرچم لہراتے ہوئے ان کا خیرمقدم کیا۔

جمعرات کی سہ فریقی ملاقات میں ایران جنگ اور جوہری ہتھیاروں میں کمی کے معاملات بھی زیرِ بحث آنے کا امکان ہے۔ امریکا اور روس کے درمیان جوہری ہتھیاروں سے متعلق دوطرفہ معاہدہ فروری میں ختم ہو چکا ہے۔

 چین کا مؤقف ہے کہ امریکا اور روس کو اپنے بڑے جوہری ذخائر میں کمی کرنی چاہیے، جس کے بعد بیجنگ اپنے نسبتاً چھوٹے جوہری ذخیرے پر مذاکرات کر سکتا ہے۔

پیوٹن نے بدھ کو اے پی ای سی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین پر 2022 کے حملے کے بعد مغربی پابندیاں ناکام ہو چکی ہیں۔ ان کے مطابق موجودہ حالات میں تقسیم کے بجائے اتحاد اور دھمکیوں کے بجائے مکالمے کی ضرورت ہے۔

دوسری جانب کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی نے کہا کہ یوکرین جنگ جاری رہنے تک روس پر پابندیوں میں اضافہ ہوتا رہے گا۔

چینی صدر اور پیوٹن کی رواں سال یہ پانچویں ملاقات ہے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان توانائی، مالیاتی تعاون، یوکرین اور شمالی کوریا سمیت خارجہ پالیسی کے معاملات پر بات چیت متوقع ہے۔

 ٹرمپ نے کم جونگ اُن سے ملاقات کا امکان بھی ظاہر کیا، تاہم امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اس کی تصدیق نہیں کی۔