Iran attacks US military radar during talks, tanker crew missing in Strait of Hormuz

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ایکسپریس ٹریبیون نے اپنی خبر میں رپورٹ کیا ہےکہ ایران نے منگل کو بحرین میں امریکی فوجی ریڈار سسٹم کو ڈرون حملے میں نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ آبنائے ہرمز میں ایک آئل ٹینکر کے عملے کے لاپتا ہونے کی اطلاع بھی سامنے آئی ہے۔

 یہ واقعات ایسے وقت پیش آئے ہیں جب عمان اور قطر کی ثالثی میں امریکا اور ایران کے درمیان تقریباً نو ماہ سے جاری جنگ ختم کرانے کی سفارتی کوششیں جاری ہیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے کہا کہ بحرین کے شیخ عیسیٰ فوجی اڈے پر نصب ریڈار سسٹم کو نشانہ بنایا گیا۔ پاسدارانِ انقلاب نے بحرین کو امریکا کے ساتھ اتحاد اور شیعہ مذہبی قیادت کے بارے میں اس کے مؤقف پر خبردار بھی کیا۔

 دوسری جانب بحرین نے کہا کہ اس نے حملہ روک دیا اور کسی جانی نقصان یا تنصیبات کو نقصان پہنچنے کی اطلاع نہیں ملی۔ بحرین میں امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کا ہیڈکوارٹر بھی قائم ہے۔

منگل کو ایرانی میڈیا نے آبنائے ہرمز میں واقع جزیرہ قشم پر دھماکے کی اطلاع دی۔ ایک ایرانی عہدیدار کے حوالے سے بتایا گیا کہ امریکا نے جزیرے پر حملہ کیا، تاہم بنیادی تنصیبات کو نقصان نہیں پہنچا۔

 امریکی سینٹرل کمانڈ نے اس حوالے سے فوری طور پر کوئی نئی معلومات فراہم نہیں کیں۔ واشنگٹن رواں ماہ کے آغاز میں بھی قشم پر محدود حملے کر چکا ہے۔

ادھر قطر نے بتایا کہ اس کے اور ایرانی حکام کے درمیان منگل کو ملاقات ہوئی، جس کا مقصد جنگ کے خاتمے کے لیے اختلافات کم کرنا تھا۔

 قطری ترجمان ماجد الانصاری کے مطابق بات چیت میں فریقین کی جانب سے پیش کردہ تجاویز کے درمیان فاصلے کم کرنے اور مؤقف میں ہم آہنگی پیدا کرنے پر توجہ دی گئی۔

اسی دوران ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے عمان کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اپنے عمانی ہم منصب سے بحری راستوں کے تحفظ، عالمی تجارت اور جہاز رانی کی روانی برقرار رکھنے اور فوجی کشیدگی روکنے پر بات چیت کی۔

 عراقچی نے عمان کے سلطان ہیثم بن طارق سے بھی ملاقات کی اور انہیں جنگ کے خاتمے کے لیے ایران کے سفارتی اقدام سے آگاہ کیا۔ یہ جنگ 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کے بعد شروع ہوئی تھی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر ایران یا یمن میں ایران کے حمایت یافتہ حوثی گروپ کی جانب سے اشتعال انگیزی نہ ہوئی تو وہ ایران پر مزید حملے روکنے پر غور کر سکتے ہیں۔

 تاہم انہوں نے منگل کو واشنگٹن میں ممکنہ ’ڈرٹی بم‘ حملے سے متعلق رپورٹ کو سنجیدگی سے لینے کا بھی کہا۔ یہ رپورٹ امریکی انٹیلی جنس جائزوں کے حوالے سے سامنے آئی تھی۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اس رپورٹ کو بے بنیاد الزامات قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا میڈیا کے ذریعے اپنے مذموم مقاصد کے لیے ماحول تیار کر رہا ہے۔

 ٹرمپ نے آبنائے ہرمز میں جہاز رانی متاثر ہونے کا الزام لگاتے ہوئے ایران پر امریکی بحری ناکہ بندی برقرار رکھنے کا بھی اعلان کیا ہے، جو مذاکرات میں اختلاف کا اہم سبب ہے۔