Missile and drone attacks in Saudi Arabia; Houthis claim to have targeted Riyadh airport..

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ایکسپریس ٹریبیون کی خبر  کے مطابق یمن کے حوثی گروپ نے بدھ کے روز دعویٰ کیا ہے کہ اس نے سعودی عرب کے مختلف ایئرپورٹس اور فوجی تنصیبات کو ڈرونز اور بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا، جبکہ سعودی قیادت والے اتحاد نے ریاض کی جانب آنے والے ایک بیلسٹک میزائل کو روک کر تباہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

حوثی فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے امریکی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ گروپ نے ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو متعدد ڈرونز سے نشانہ بنایا۔

ان کے بقول حملہ درست تھا اور اس کے نتیجے میں ایئرپورٹ پر فضائی آمدورفت متاثر ہوئی۔ تاہم حوثیوں کے ان دعووں کی آزادانہ طور پر مکمل تصدیق فوری طور پر نہیں ہوسکی۔

سریع نے کہا کہ حوثی فورسز نے ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور خمیس مشیط ایئر بیس کے خلاف بھی دو کارروائیاں کیں، جن میں بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کا استعمال کیا گیا۔

حوثی ترجمان کے مطابق ان حملوں سے ابہا ایئرپورٹ کی فضائی سرگرمیاں متاثر ہوئیں جبکہ خمیس مشیط کے فوجی اڈے کو نقصان پہنچا۔

ایک الگ بیان میں سریع نے سعودی عرب کے تین فوجی کیمپوں کو بھی بڑی تعداد میں بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا۔ ان مقامات میں جیزان کا داغرر، عسیر کا عاکفہ اور جیزان کا المواسم شامل ہیں۔

انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ سعودی فوجی سازوسامان کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں سعودی افسران ہلاک اور زخمی ہوئے۔

دوسری جانب سعودی قیادت والے اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے کہا کہ حوثیوں کی جانب سے ریاض کی سمت داغا گیا ایک بیلسٹک میزائل شمالی ریاض کے قریب روک کر تباہ کردیا گیا۔

المالکی نے ایکس پر کہا کہ اتحادی افواج نے یمن کے دارالحکومت صنعا کے آسمان میں اپنے انٹیلی جنس نظام کے ذریعے میزائل کے لانچ پلیٹ فارم کا سراغ لگا لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اتحادی فورسز لانچ پلیٹ فارم کی نگرانی کررہی ہیں اور اسے تباہ کریں گی۔