اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک)ڈان نیوز نے اپنی خبر میں رپورٹ کیا ہے کہ ٹیکسلا میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بدھ کو خیبر پختونخوا سے پنجاب میں داخل ہونے والے اٹک کے مختلف راستوں کا دورہ کیا اور پاکستان تحریک انصاف کے 27 ستمبر کو متوقع اسلام آباد مارچ کے پیش نظر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عثمان انور اور راولپنڈی کے ریجنل پولیس آفیسر بابر سرفراز الپا بھی وزیر داخلہ کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر اٹک ڈاکٹر مدثر احمد شاہ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن ریٹائرڈ علی بن طارق بھی موقع پر موجود تھے۔
دورے کے دوران چچ انٹرچینج، ہارون برج اور غازی بروتھا برج سمیت اہم مقامات کا جائزہ لیا گیا۔ یہ راستے شمالی پنجاب، خیبر پختونخوا، ہزارہ ڈویژن اور اسلام آباد و راولپنڈی کے درمیان آمدورفت کے اہم رابطے ہیں۔
ذرائع کے مطابق انتظامیہ نے اٹک خورد اور اٹک پل کے قریب چیک پوسٹوں کی جانب کنٹینرز منتقل کرنا شروع کردیئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق کچھ کنٹینرز سڑک کے دونوں اطراف رکھے جارہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اٹک کے دیگر داخلی راستوں پر ریت سے بھری بوریاں بھی منتقل کی جارہی ہیں، جبکہ مختلف مقامات پر مزید کنٹینرز بھی پہنچائے گئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اسلام آباد-پشاور موٹروے پر ہارون برج اور ہارو برج کے مقامات پر بھی ریت کی بوریاں پہنچائی گئی ہیں۔ ذرائع نے دعویٰ کیا کہ ستھرا پنجاب پروگرام سے وابستہ کارکنوں کو ریت اور بجری سے بوریاں بھرنے کے لیے بھی استعمال کیا جارہا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ بوریاں ممکنہ طور پر سڑکوں کی بندش یا عارضی حفاظتی پوزیشنوں کے قیام کے لیے استعمال ہوسکتی ہیں، تاہم اس بات کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی کہ سامان کی منتقلی کسی مخصوص تعیناتی کے لیے باضابطہ طور پر منظور کی گئی ہے یا کوئی حتمی ناکہ بندی کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔
اٹک کے یہ راستے ماضی کی پی ٹی آئی سیاسی سرگرمیوں کے دوران بھی اہم رہے ہیں۔ 27 ستمبر کے مجوزہ مارچ کے پیش نظر اٹک میں انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی اور داخلی راستوں کی نگرانی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔
