ویمن ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے ایک اہم میچ میں پاکستان ویمن ٹیم نے ہانگ کانگ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دے کر ایونٹ کے سیمی فائنل کے لیے جگہ پکی کرلی ہے۔

دبئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنائے۔

شوال ذوالفقار 47 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں، جبکہ عائشہ ظفر نے 26 اور فاطمہ ثنا نے 24 رنز کی اننگز کھیلی۔

ہانگ کانگ کی جانب سے جولین کور نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں ہانگ کانگ کی پوری ٹیم 71 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

پاکستانی اسپنر نشرہ سندھو نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 7 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں اور ویمنز ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے ایک اننگز میں بہترین بولنگ کا ریکارڈ قائم کر دیا۔

اس شاندار کارکردگی پر انہیں میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ گیا ہے جہاں اس کا مقابلہ سری لنکا سے ہوگا۔

دریں اثنا، اس میچ کے دوران پاکستانی اوپنر منیبہ علی نے اپنے 100 ویں ٹی ٹوئنٹی میچ کا سنگ میل عبور کیا۔