فیفا کے صدر گیانی انفانٹینو نے آئندہ برس مارچ میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے لیے چوتھی اور آخری مدت کے لیے دوبارہ امیدوار بننے کا فیصلہ کیا ہے۔

فیفا کے ترجمان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اپریل میں کیے گئے اعلان کے بعد انفانٹینو کے ارادوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور وہ ایک بار پھر صدارتی دوڑ کا حصہ ہوں گے۔

56 سالہ گیانی انفانٹینو کو اپنے موجودہ دور میں فیفا ایونٹس میں نجی سرمایہ کاری لانے سے متعلق متنازع منصوبے "فیفا فارورڈ انٹرپرائز” کی وجہ سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا، جسے بعد ازاں ختم کر دیا گیا تھا۔

اس منصوبے پر یورپی فٹبال کی گورننگ باڈی (یوئیفا) نے انفانٹینو پر سخت الزامات عائد کیے تھے، جبکہ شمالی امریکا کی (کونکاکاف) اور (ایشین فٹبال کنفیڈریشن) کی جانب سے انہیں بھرپور حمایت حاصل رہی۔

انتخابات کے حوالے سے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 18 نومبر مقرر کی گئی ہے۔

فی الحال جیانی انفانٹینو اس عہدے کے لیے واحد اعلان شدہ امیدوار ہیں۔

ان کے ممکنہ حریف کے طور پر کونکاکاف کے صدر وکٹر مونٹاگلیانی کا نام زیر گردش ہے، جبکہ یوئیفا کے صدر الیگزینڈر چیفرین پہلے ہی انتخاب لڑنے سے انکار کر چکے ہیں۔

دوبارہ منتخب ہونے کے لیے انفانٹینو کو فیفا سے وابستہ 211 فٹبال فیڈریشنز کی سادہ اکثریت درکار ہوگی۔

کامیابی کی صورت میں وہ 2031 تک فیفا کے صدر کے منصب پر فائز رہیں گے۔