اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ایکسپریس ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق برطانوی شاہی خاندان سے علیحدگی کے تقریباً 6 سال بعد شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن برطانیہ واپس منتقل ہونے کی تیاری کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق جوڑا رواں ماہ امریکا کی ریاست کیلیفورنیا سے لندن کے مضافاتی علاقے میں طویل عرصے کے لیے منتقل ہوگا، جہاں ان کے دونوں بچے شہزادہ آرچی اور شہزادی لِلی بیٹ بھی برطانیہ میں تعلیم حاصل کریں گے۔
جوڑے کے قریبی ذرائع کے مطابق 41 سالہ شہزادہ ہیری، 45 سالہ میگھن اور ان کے 7 سالہ بیٹے آرچی اور 5 سالہ بیٹی لِلی بیٹ لندن سے باہر کسی مقام پر رہائش اختیار کریں گے۔ تاہم وہ کسی شاہی رہائش گاہ میں قیام نہیں کریں گے اور شاہی خاندان سے علیحدگی کے بعد طے پانے والے معاہدے کے تحت بدستور غیر فعال شاہی شخصیات یعنی نان ورکنگ رائلز رہیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بادشاہ چارلس کو ہیری اور ان کے خاندان کی برطانیہ واپسی پر خوشی ہے اور وہ اپنے چھوٹے بیٹے اور اس کے خاندان کو اپنے قریب دیکھنا چاہتے ہیں، تاہم بادشاہ کو بھی اس فیصلے کا علم اتوار کو ہی ہوا۔ شہزادہ ہیری کے ترجمان اور بکنگھم پیلس نے اس حوالے سے تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔
شہزادہ ہیری اور میگھن کی شادی 2018 میں ونڈزر کاسل میں ہوئی تھی اور اس وقت امید ظاہر کی گئی تھی کہ سابق اداکارہ میگھن کی شاہی خاندان میں شمولیت نئی نسل کے لیے برطانوی بادشاہت کو مزید مقبول بنائے گی۔
تاہم دو سال بعد مارچ 2020 میں دونوں نے شاہی فرائض سے دستبرداری اور امریکا منتقل ہونے کا اعلان کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ برطانیہ میں میڈیا کی جانب سے کی جانے والی مسلسل اور زہریلی نگرانی سے دور ہونا چاہتے ہیں۔
بعد ازاں دونوں نے کیلیفورنیا کے علاقے مونٹیسیٹو میں رہائش اختیار کی، جہاں ان کے 16 کمروں پر مشتمل گھر کی 2020 میں خریداری کی قیمت میڈیا رپورٹس کے مطابق 14.7 ملین ڈالر تھی۔ یہ مکان وہ اپنے پاس رکھیں گے۔
امریکا منتقل ہونے کے بعد ہیری اور میگھن نے متعدد ٹی وی انٹرویوز، نیٹ فلکس کی دستاویزی سیریز اور شہزادہ ہیری کی یادداشت اسپیئر میں شاہی خاندان پر تنقید کی۔ 2021 میں اوپرا ونفری کو دیے گئے انٹرویو میں میگھن نے دعویٰ کیا تھا کہ شاہی خاندان کے ایک فرد نے آرچی کی جلد کے رنگ سے متعلق سوال کیا تھا، جس پر شہزادہ ولیم نے شاہی خاندان کے نسل پرست ہونے کی تردید کی تھی۔ ہیری کے اپنے والد بادشاہ چارلس اور بڑے بھائی ولیم کے بارے میں سخت بیانات کے باعث بھی دونوں کے تعلقات میں شدید کشیدگی پیدا ہوئی تھی۔
