Pakistan's emergency move Spot LNG tender launched after a long hiatus, an attempt to deal with energy crisis
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈان نیوز کی خبر کے مطابق توانائی کے بڑھتے ہوئے دباؤ اور سپلائی میں خلل کے پیشِ نظر پاکستان نے دسمبر 2023 کے بعد پہلی بار اسپاٹ مارکیٹ سے مائع قدرتی گیس خریدنے کے لیے ٹینڈر جاری کر دیا ہے۔ پاکستان ایل این جی لمیٹڈ نے عالمی سپلائرز سے تین کارگو طلب کیے ہیں، جن میں ہر ایک تقریباً 140,000 مکعب میٹر گیس پر مشتمل ہوگا۔
ٹینڈر کے مطابق ایل این جی کارگو 27 سے 30 اپریل، یکم سے 7 مئی اور 8 سے 14 مئی کے درمیان کراچی کے پورٹ قاسم پر پہنچائے جائیں گے، جبکہ بولیاں جمع کرانے کی آخری تاریخ 24 اپریل مقرر کی گئی ہے۔
وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کے مطابق اس اقدام کا مقصد بجلی کی بڑھتی طلب کو پورا کرنا اور مہنگے ڈیزل و فرنس آئل پر انحصار کم کرنا ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ قطر سے آئندہ سپلائی کے شیڈول کے بارے میں تاحال غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔
حالیہ ہفتوں میں ملک میں بجلی کی قلت اور لوڈشیڈنگ میں اضافہ دیکھنے میں آیا، جس کی بڑی وجہ ہائیڈرو پاور میں کمی اور ایل این جی سپلائی میں رکاوٹیں ہیں۔ فروری کے آخر میں مشرق وسطیٰ میں جنگ کے آغاز اور آبنائے ہرمز کی بندش کے بعد پاکستان کو نئی ایل این جی کھیپ موصول نہیں ہو سکی۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال پاکستان نے 6.64 ملین میٹرک ٹن ایل این جی درآمد کی، جس کا بڑا حصہ قطر سے آیا تھا۔ دوسری جانب آذربائیجان کی کمپنی سوکار نے بھی پاکستان کو فوری ایل این جی فراہمی کی پیشکش کی ہے۔



