Pakistan's big flight into space Two Pakistani astronauts selected for China's mission
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈان نیوز کی خبر کے مطابق پاکستان کے لیے خلائی شعبے میں ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں چین کے انسانی خلائی پروگرام کے لیے دو پاکستانی خلا بازوں کا انتخاب کر لیا گیا ہے۔ چینی میڈیا کے مطابق دونوں امیدوار تربیت کے لیے جلد چین روانہ ہوں گے، جبکہ ان میں سے ایک 2026 کے آخر میں خلائی مشن کا حصہ بنے گا۔
رپورٹس کے مطابق منتخب خلا باز محمد ذیشان علی اور خرم داؤد ہیں، جنہوں نے انتخاب کے تمام مراحل کامیابی سے مکمل کیے۔ چین کی خلائی ایجنسی نے اس پیش رفت کو اپنے پروگرام کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔
سپارکو کے مطابق دونوں خلا باز چین کے آسٹروناٹ سینٹر میں جدید تربیت حاصل کریں گے۔ منصوبے کے تحت ایک پاکستانی خلا باز چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ کے مشن میں بطور پے لوڈ اسپیشلسٹ شرکت کرے گا، جو اس پلیٹ فارم پر جانے والا پہلا غیر ملکی خلا باز ہوگا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ خلا میں قیام کے دوران پاکستانی خلا باز مختلف سائنسی تجربات کریں گے، جن کا تعلق میٹریل سائنس، بایو سائنس اور دیگر اہم شعبوں سے ہوگا، اور ان کے نتائج مستقبل میں سائنسی و صنعتی ترقی میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس کامیابی کو سراہتے ہوئے اسے پاکستان کے خلائی سفر میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا اور چین کے ساتھ تعاون کو دونوں ممالک کی مضبوط شراکت داری کا مظہر کہا۔



