اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق ہنگری کی اولمپک کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ پانچ مرتبہ کی اولمپک چیمپئن، جمناسٹ اگنیش کیلیٹی، جمعرات کو 103 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ وہ 9 جنوری 1921 میں بوداپیسٹ میں پیدا ہوئیں انہوں۔ نے 1938 میں جمناسٹک کا آغاز کیا اور 1940 میں ہنگری چیمپئن شپ جیتی، لیکن یہودی نژاد ہونے کی وجہ سے انہیں کھیلوں کی سرگرمیوں سے روک دیا گیا۔ دوسری جنگ عظیم کے دوران وہ نازیوں کے ظلم و ستم سے بچنے میں کامیاب ہوئیں، لیکن ان کے والد اور کئی رشتہ دار آشوٹز کیمپ میں جاں بحق ہو گئے۔
کیلیٹی نے 1952 میں 31 سال کی عمر میں اپنا پہلا اولمپک گولڈ جیتا۔ 1956 کے میلبورن اولمپکس میں، انہوں نے مزید چار گولڈ میڈل جیتے اور گولڈ جیتنے والی سب سے عمر رسیدہ خاتون جمناسٹ بن گئیں۔ بعد میں انہوں نے اسرائیل میں سکونت اختیار کی، شادی کی، اور دو بچوں کی پرورش کی۔
کیلیٹی نے مجموعی طور پر 10 اولمپک تمغے جیتے، جن میں پانچ گولڈ میڈل شامل ہیں، اور وہ ہنگری کی دوسری کامیاب ترین اولمپک کھلاڑی بن گئیں۔ ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں متعدد ریاستی ایوارڈز بھی دیے گئے۔
ہنگری کی اولمپک کمیٹی نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیلیٹی ہنگری کی کھیلوں کی تاریخ کا ایک عظیم باب تھیں۔