پاکستان ٹیم میں بنگلادیش کے خلاف دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے لیے دو اہم تبدیلیوں کا امکان ہے ذرائع کے مطابق بابر اعظم فٹ ہو کر سلہٹ ٹیسٹ میں ٹیم کا حصہ بنیں گے اور وہ امام الحق کی جگہ پلیئنگ الیون میں شامل ہوں گے امام الحق پہلے ٹیسٹ میں خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہین آفریدی کو آرام دینے یا ڈراپ کرنے کی تجویز زیر غور ہے، جبکہ ان کی جگہ خرم شہزاد کو ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

ممکنہ بیٹنگ لائن اپ کے مطابق شان مسعود اور اذان اویس اننگز کا آغاز کریں گے، جبکہ عبداللہ شفیق ون ڈاؤن اور بابر اعظم چوتھے نمبر پر بیٹنگ کریں گے سعود شکیل اور محمد رضوان کو بھی ایک اور موقع دیے جانے کا امکان ہے۔

ادھر سلہٹ میں آئندہ ایک ہفتے کے دوران بارش کی پیشگوئی کے باعث میچ متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، اسی لیے قومی ٹیم کی حتمی پلیئنگ الیون کا اعلان میچ سے قبل کیا جائے گا۔

پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان دوسرا ٹیسٹ ہفتے سے سلہٹ میں شروع ہوگا۔