خیبر پختونخوا میں کرکٹ کے فروغ کے لیے ایک بڑے اور تاریخی منصوبے کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق مایہ ناز کپتان شاہد خان آفریدی کو "خیبر پختونخوا چیمپئنز کرکٹ لیگ (کے سی ایل)” کا آفیشل برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کیا گیا ہے۔
اس شاندار لیگ کی باقاعدہ لانچنگ تقریب 18 جولائی کو شام 6 بجے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم پشاور میں منعقد ہوگی۔
اس موقع پر لیگ کے کمشنر اور سابق قومی کپتان یونس خان سمیت پاکستان کے متعدد معروف سابق اور موجودہ انٹرنیشنل کرکٹر بھی شرکت کر کے تقریب کی رونق بڑھائیں گے۔
سابق کپتان شاہد آفریدی نے خیبر پختونخوا، بالخصوص پشاور کے عوام اور کرکٹ شائقین سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ اس تاریخی تقریب میں شرکت کر کے نوجوان کرکٹر کی حوصلہ افزائی کریں اور صوبے میں کرکٹ کے اس نئے سفر کا حصہ بنیں۔
تقریب کے دوران لیگ کی باقاعدہ تاریخوں کا اعلان کرنے کے ساتھ ساتھ صوبہ بھر میں ہونے والے ٹیلنٹ ہنٹ ٹرائلز اور آئندہ کی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی اہم تفصیلات سامنے لائی جائیں گی۔
کے سی ایل انتظامیہ نے عوام اور خصوصاً فیملیز کی سہولت کے لیے اسٹیڈیم میں خصوصی انتظامات کیے ہیں، جبکہ شائقینِ کرکٹ کی بھرپور شرکت کو یقینی بنانے کے لیے تقریب کے فری ٹکٹس بھی مختص کیے گئے ہیں۔
