پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ڈومیسٹک کرکٹر حمزہ نذر پر تمام ڈومیسٹک اور بین الاقوامی سرگرمیوں میں شرکت پر دو سال کی پابندی اور 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق یہ کارروائی انکوائری ویزا درخواست کے دوران نامکمل، غلط اور گمراہ کن معلومات فراہم کرنے اور اہم حقائق چھپانے پر کی گئی۔

بورڈ نے اس معاملے کی تحقیقات کے لیے تین رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی جس کی رپورٹ کی روشنی میں یہ فیصلہ کیا گیا اور کرکٹر کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا مکمل موقع بھی فراہم کیا گیا۔

پی سی بی کا واضح کہنا ہے کہ بورڈ غلط بیانی اور حقائق چھپانے کے معاملے پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی رکھتا ہے اور کسی کو بھی کرکٹ کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔