پی سی بی نے بنگلہ دیش ٹیسٹ سیریز کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان کر دیا
اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ڈیسک ) تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جمعہ کو بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان کر دیا جو 21 اگست سے راولپنڈی میں شروع ہونے والی ہے۔
تجربہ کار رچرڈ کیٹلبرو اس پینل کا حصہ ہیں جو ٹیسٹ سیریز کے دوران میدان میں اتریں گے کیونکہ یہ سیریز ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2023-25 کے حصے کے طور پر کھیلی جائے گی۔
پی سی بی نے ایک پریسر میں کہا کہ سری لنکا کے رنجن مدوگالے، جو آئی سی سی ایلیٹ پینل آف میچ ریفریز کے رکن ہیں، پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2023-25 کے دو میچوں کے لیے پلیئنگ کنٹرول ٹیموں کی قیادت کریں گے ۔
دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 21 سے 25 اگست تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائے گا دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 30 اگست سے 3 ستمبر تک نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔
ٹیسٹ سیریز کے لیے تین امپائرز آئی سی سی ایلیٹ پینل آف امپائرز سے ہوں گے اور دو امپائر آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف امپائرز سے ہوں گے۔
راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے انگلینڈ کے رچرڈ کیٹلبرو جنوبی افریقہ کے ایڈرین ہولڈسٹاک کے ساتھ میدان میں امپائر ہوں گے انگلینڈ کے مائیکل گف تھرڈ امپائر جبکہ پاکستان کے راشد ریاض فورتھ امپائر کے فرائض انجام دیں گے۔
کراچی میں مائیکل گف اور ایڈرین ہولڈ اسٹاک آن فیلڈ امپائر کے فرائض سرانجام دیں گے جب کہ رچرڈ کیٹلبرو تھرڈ امپائر کے فرائض انجام دیں گے پاکستان کی جانب سے آصف یعقوب ٹیسٹ میچ میں فورتھ امپائر کے طور پر دستیاب ہوں گے۔