اردوانٹرنیشنل (اسپورٹس ڈیسک) تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آج پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 17 سے 29 جنوری 2025 تک ہونے والے دو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فکسچر کے نظرثانی شدہ شیڈول کا اعلان کر دیا۔
کیریبین ٹیم 6 جنوری 2025 کو اسلام آباد پہنچے گی۔
اس دورے میں مہمانوں اور پاکستان شاہینز کے درمیان 10 سے 12 جنوری تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں تین روزہ وارم اپ میچ بھی شامل ہے۔
اس کے بعد ٹیسٹ سیریز کا آغاز ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں بیک ٹو بیک میچوں سے ہوگا۔
پہلا ٹیسٹ، جو اصل میں کراچی میں ہونا تھا، اب ملتان منتقل کر دیا گیا ہے۔
یہ ویسٹ انڈیز کی پاکستانی سرزمین پر 19 سالوں میں پہلی ٹیسٹ سیریز ہے پاکستان میں ان کی آخری ٹیسٹ سیریز نومبر 2006 میں ہوئی تھی۔
اگرچہ ویسٹ انڈیز نے 2006 سے پاکستان میں کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں کھیلی ہے، لیکن وہ 2018 کے بعد سے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سمیت محدود اوور کے میچوں کے لیے تین بار ملک کا دورہ کر چکے ہیں۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان اس وقت آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) 2023-25 پوائنٹس ٹیبل پرساتویں نمبر پر ہے، جس میں چار میں کامیابی اور چھ میں شکست ہوئی ہے۔
دوسری طرف، ویسٹ انڈیز نویں نمبر پر ہے، انہوں نے 11 میچ کھیلے، صرف دو جیتیں اور سات میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
دونوں ٹیمیں 54 ٹیسٹ میچوں میں آمنے سامنے ہو چکی ہیں۔
ٹیسٹ سیریز شیڈول:
پہلا ٹیسٹ: 17-21 جنوری، ملتان کرکٹ اسٹیڈیم
دوسرا ٹیسٹ: 25-29 جنوری، ملتان کرکٹ اسٹیڈیم