One flight, a new chapter in history; Pakistani astronaut Zeeshan Ali aspires to join joint missions to the Moon and Mars.

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈان نیوز نے اپنی خبر میں رپورٹ کیا ہے کہ پاکستان کے محمد ذیشان علی چین کے شین ژو 24 خلائی مشن کے عملے میں شامل ہوگئے ہیں، جس کے ساتھ وہ خلا میں جانے والے پہلے پاکستانی اور چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر پہنچنے والے پہلے غیر ملکی شہری بننے جا رہے ہیں۔

چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی نے منگل کو مشن کے عملے کا اعلان کیا۔ خلائی جہاز 25 نومبر کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 18 منٹ پر شمال مغربی چین کے جیوچوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے روانہ ہوگا۔

 تین رکنی عملے میں ذیشان علی کے علاوہ چینی خلا باز تانگ ہونگ بو اور وو یی شامل ہیں۔

سی ایم ایس اے کے مطابق پاکستانی خلا باز مشن میں پے لوڈ اسپیشلسٹ کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔ وہ تقریباً ایک ہفتہ خلا میں گزاریں گے اور چینی عملے کے ساتھ مختلف سائنسی تجربات میں حصہ لیں گے۔

 مشن کے دوران تقریباً 90 تجربات کیے جانے کا منصوبہ ہے۔ علی واپسی پر شین ژو 23 خلائی جہاز میں سفر کریں گے، جو مئی میں تیانگونگ خلائی اسٹیشن کے ساتھ منسلک ہوا تھا۔

مشن کے مقاصد میں خلائی اسٹیشن پر عملے کی تبدیلی، معمول کی دیکھ بھال اور خلائی سائنس سے متعلق تحقیق جاری رکھنا شامل ہے۔

 اس کے علاوہ مختلف خلائی آلات اور پے لوڈز پر بھی تجربات کیے جائیں گے۔

جیوچوان میں پریس بریفنگ کے دوران ذیشان علی نے چینی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس نے پاکستانیوں کے خلا میں جانے کے خواب کو حقیقت بنانے میں مدد دی۔

 ان کا کہنا تھا کہ وہ چین کے خلائی مرکز پہنچے تو اپنے ساتھ 25 کروڑ پاکستانیوں کی امیدیں بھی لے کر آئے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ چین میں تربیت کے دوران انہوں نے خلائی پرواز کی مہارتیں حاصل کیں، چینی زبان سیکھی اور اپنے ساتھی خلا بازوں سے دوستی قائم کی۔

 ان کے مطابق دونوں ممالک کی دوستی پہاڑوں سے بلند، سمندروں سے گہری اور شہد سے زیادہ میٹھی ہے۔

علی نے کہا کہ یہ مشن اختتام نہیں بلکہ مستقبل کے سفر کا آغاز ہے۔ ان کی خواہش ہے کہ پاکستان اور چین کا خلائی تعاون ایک خلا باز اور ایک پرواز سے آگے بڑھ کر متعدد مشترکہ مشنز، چاند اور مریخ تک پہنچے۔

 انہوں نے کہا کہ وہ اپنے لیے نہیں بلکہ پاکستان کا نام اور قوم کی امیدیں اپنے ساتھ لے کر خلا میں جارہے ہیں۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے مشن کو دونوں ممالک کے اعتماد اور آہنی دوستی کی علامت قرار دیا، جبکہ وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے اسے پوری قوم کے لیے باعثِ فخر کہا۔

 اپریل میں  ذیشان علی اور خرم داؤد کو چین میں تربیت کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔