اردو انٹرنیشنل اسپورٹس ویب ڈیسک تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ نے پاکستان سے تعلق رکھنے والے دنیائے اسکواش کے عظیم کھلاڑی جہانگیر خان کو 1 ہزار سال کے بہترین کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل کرلیا۔ 60 سالہ جہانگیر خان نے اپنے کیریئر میں مسلسل 550 میچز جیت کرایک ریکارڈ قائم کیا جس بناء پر ان کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج ہے ۔
جہانگیر خان 1993ء تک اسکواش کی دنیا پر راج کرتے رہے اس دوران میں انہوں نے دنیائے اسکواش کی ہر بڑی چیمپئن شپ جیتی اور 1981ء سے 1986ء تک ہر مقابلے میں ناقابل شکست رہے ۔
انہوں نے 6 بار ورلڈ ٹائٹل اپنے نام کیا جب کہ 10 بار برٹش اوپن چیمپئن شپ کے بھی فاتح رہے۔ ان کا 6 مرتبہ ورلڈ اوپن اسکواش ٹورنامنٹ جیتنے کا ریکارڈ تو جان شیر خان توڑ چکے ہیں مگر ان کا 10 مرتبہ برٹش اوپن جیتنے کا ریکارڈ آج بھی برقرار ہے۔ انہیں پاکستان کے سب سے بڑے اور ملک کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں سے ایک کی حیثیت سے دنیا میں پہچان ملی ہے۔