Ishaq Dar's emergency visit to China, important consultations expected on Iran-US talks
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈان نیوز خبر کے مطابق نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار علاقائی صورتحال خصوصاً ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ مذاکرات پر مشاورت کے لیے منگل کو مختصر دورے پر چین روانہ ہو گئے۔
دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ چینی وزیر خارجہ وانگ یی کی دعوت پر ہو رہا ہے، جس میں دونوں رہنما دوطرفہ تعلقات، خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ رواں سال کے دوران اسحاق ڈار کا یہ چین کا دوسرا دورہ ہے۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ بیجنگ میں ہونے والی ملاقاتوں میں ایران-امریکا تنازع کے حل کے لیے ممکنہ مذاکرات کے خدوخال اور فریم ورک پر بھی بات چیت ہوگی، جبکہ پاکستان کی جاری ثالثی کوششوں کو مزید مؤثر بنانے پر غور کیا جائے گا۔
یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان نے حالیہ دنوں میں سفارتی سرگرمیاں تیز کرتے ہوئے خود کو ممکنہ مذاکرات کے میزبان کے طور پر پیش کیا ہے۔ گزشتہ دنوں اسلام آباد میں پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ کا اہم اجلاس بھی منعقد ہوا تھا، جس میں کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کی راہ ہموار کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار کا یہ دورہ چند گھنٹوں پر مشتمل ہوگا، جس دوران وہ گزشتہ ہفتے وانگ یی کے ساتھ ہونے والی گفتگو کو آگے بڑھائیں گے۔
چینی قیادت اس سے قبل بھی پاکستان کی سفارتی کوششوں کی حمایت کا اظہار کر چکی ہے ۔





