اردوانٹرنیشنل (اسپورٹس ڈیسک) تفصیلات کے مطابق پاکستان کے آل راؤنڈر حارث سہیل نے جمعرات کو اپنی ریٹائرمنٹ سے متعلق افواہوں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے انہیں ’بے بنیاد‘ قرار دیا۔
حارث نے سوشل میڈیا پر جھوٹی خبروں کی گردش پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ ان کا کھیل سے دور ہونے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
میں نے ریٹائرمنٹ کا کوئی فیصلہ نہیں کیا اور نہ ہی میرا ایسا کوئی ارادہ ہے حارث نے ایک بیان میں کہا کہ میری پوری توجہ اس کھیل کو جاری رکھنے پر ہے جو مجھے پسند ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھی تصدیق کی کہ آل راؤنڈر کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے کوئی باضابطہ رابطہ نہیں ہوا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ پی سی بی کے ایک اہلکار نے کرکٹر سے بھی پوچھ گچھ کی، جس نے ان خبروں کی سختی سے تردید کی۔
حارث، جنہوں نے 2013 میں پاکستان کے لیے بین الاقوامی کرکٹ میں ڈیبیو کیا تھا، اب تک 16 ٹیسٹ، 45 ون ڈے اور 14 ٹی ٹوئنٹی کھیل چکے ہیں انہوں نے چار سنچریوں اور 17 نصف سنچریوں کی مدد سے تمام فارمیٹ میں 2806 رنز بنائے ہیں۔
گرین شرٹس کے لیے انہوں نے آخری میچ جنوری میں کھیلا تھا جب انھیں اس وقت کے چیف سلیکٹر شاہد آفریدی نے نیوزی لینڈ کے خلاف تین میچوں کی ہوم ون ڈے سیریز کے لیے منتخب کیا تھا۔
مڈل آرڈر بلے باز اس پیش رفت کا فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے کیونکہ انہوں نے تین میچوں میں بالترتیب 32، 10 اور 22 کے معمولی اسکور بنائے۔