گیری کرسٹن پاکستان کے وائٹ بال کوچ کے عہدے سے مستعفی
اردوانٹرنیشنل(اسپورٹس ڈیسک) تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کے عظیم گیری کرسٹن نے پاکستان کی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیموں کے ہیڈ کوچ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
ذرائع نے رپورٹ کیا کہ گیری کرسٹن، جنہیں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اپریل 2024 میں دو سالہ کنٹریکٹ پر مقرر کیا تھا، اس عہدے میں بمشکل چھ ماہ ہی رہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گیری کرسٹن نے پی سی بی انتظامیہ سے اختلافات پیدا ہونے کے بعد نوکری چھوڑ دی تھی۔
پی سی بی کے ذرائع کے مطابق گیری کرسٹن کے بورڈ انتظامیہ سے کئی معاملات پر اختلافات پیدا ہو گئے وہ اپنی پسند کے کھلاڑیوں کو ٹیم میں رکھنا چاہتے تھے.
ان کی دونوں درخواستیں مسترد ہونے کے بعد، گیری کرسٹن نے آسٹریلیا کے دورے پر جانے سے انکار کر دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امکان ہے کہ پاکستان کے ریڈ بال کوچ جیسن گلیسپی کو وائٹ بال کا عبوری کوچ مقرر کیا جا سکتا ہے۔
پی سی بی کے ذرائع نے مزید بتایا کہ گلیسپی کا تعلق آسٹریلیا سے ہے اور وہ آسٹریلیا کی کنڈیشنز سے بخوبی واقف ہیں۔