Elon Musk's space data center project, US approves 1 million satellites

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈان نیوز نے اپنی خبر میں رپورٹ کیا ہے کہا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کو خلا میں ڈیٹا سینٹرز قائم کرنے کے لیے 10 لاکھ تک سیٹلائٹس بھیجنے کی اجازت دے دی ہے۔

 امریکی فیڈرل کمیونی کیشنز کمیشن  کے مطابق اسٹارمائنڈ نامی یہ سیٹلائٹ نیٹ ورک بڑے پیمانے پر ڈیٹا پراسیس کرے گا، جسے بعدازاں زمین پر استعمال کیا جاسکے گا۔ کمپنی کو یہ اجازت 2040 تک دی گئی ہے۔

ایف سی سی کے چیئرمین برینڈن کار نے کہا کہ امریکا مصنوعی ذہانت کے سپر انٹیلی جنس دور میں دنیا کی قیادت کررہا ہے اور خلا میں ڈیٹا سینٹرز اس برتری کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہوں گے۔

اس شعبے میں اسپیس ایکس اکیلی کمپنی نہیں۔ گوگل سن کیچر کے نام سے اپنا منصوبہ آگے بڑھا رہا ہے، جبکہ جیف بیزوس کی کمپنی بلیو اوریجن نے ’پروجیکٹ سن رائز‘ کے لیے ایف سی سی کو درخواست دی ہے۔

 اسٹارٹ اپ کمپنی اسٹارکلاوڈ نے بھی 2025 کے اواخر میں سیٹلائٹ پر جدید جی پی یو چلانے کا تجربہ کیا تھا، جبکہ گوگل نے اکتوبر میں یہ سنگِ میل حاصل کیا۔

اسپیس ایکس کو اپنے راکٹوں کی وجہ سے برتری حاصل ہے، جو پہلے ہی سیکڑوں مشنز مکمل کرچکے ہیں۔ ایلون مسک نے اگست میں وعدہ کیا تھا کہ کمپنی 2027 کی آخری سہ ماہی میں اپنا پہلا سیٹلائٹ خلا میں بھیجے گی اور 2028 میں اس منصوبے کو وسعت دے گی۔

 کمپنی نے این ویڈیا کے ساتھ معاہدہ بھی کیا ہے، جو خلا میں کام کرنے کے لیے تیار کردہ جدید ویرا روبن پروسیسرز فراہم کرے گی۔

اس منصوبے کے تحت سیٹلائٹس زمین کے نچلے مدار میں ایک دوسرے کے قریب موجود ہوں گے اور اسپیس ایکس کے پہلے سے فعال اسٹارلنک نیٹ ورک کے ذریعے زمین سے رابطہ کریں گے۔ تاہم ماہرین نے خلائی تابکاری، انتہائی درجہ حرارت، خلائی ملبے اور چھوٹے شہابی ذرات سے پروسیسرز کو محفوظ رکھنے جیسے تکنیکی مسائل کی نشاندہی کی ہے۔

امریکی فلکیاتی سوسائٹی نے منظوری پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں نسبتاً بڑے اور روشن سیٹلائٹس دوربینوں اور فلکیاتی مشاہدات کو متاثر کرسکتے ہیں۔

 تنظیم کے مطابق یہ سیٹلائٹس رات کے آسمان میں زیادہ دیر تک نمایاں رہیں گے اور سائنس دانوں سمیت عام لوگوں کے لیے آسمان کا مشاہدہ مشکل بنا سکتے ہیں۔

ماحولیاتی تنظیم ارتھ جسٹس کے سینئر وکیل جان ہاسل مین نے بھی خبردار کیا کہ خلا میں سیٹلائٹس کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ لوگوں کی روزمرہ زندگی اور کرہ ارض کے مستقبل پر اثرانداز ہوسکتا ہے۔

اس کے باوجود خلائی ڈیٹا سینٹرز کے حامیوں کا مؤقف ہے کہ سورج کے ساتھ ہم آہنگ مدار میں موجود سیٹلائٹس مسلسل شمسی توانائی حاصل کرسکتے ہیں، جو زمین پر قائم ڈیٹا سینٹرز کے مقابلے میں آٹھ گنا زیادہ مؤثر ہوسکتی ہے۔

 اسپیس ایکس نے جون میں اسٹاک مارکیٹ میں ڈیبیو کرتے ہوئے تقریباً 85.7 ارب ڈالر جمع کیے تھے۔